ایران کے ساتھ مذاکرات جاری، امید ہے کامیابی ملے گی، صدر ٹرمپ

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکہ ایران کے ساتھ مذاکرات کر رہا ہے اور انہیں امید ہے کہ یہ مذاکرات کامیاب ہوں گے۔

وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کے دوران صحافیوں نے ایران کے ساتھ جاری مذاکرات کے بارے میں سوال کیا، جس پر صدر ٹرمپ نے واضح کیا کہ ایران کے ساتھ بات چیت جاری ہے اور وہ صورتحال کا بغور جائزہ لے رہے ہیں۔

صدر ٹرمپ نے کہا ایران کسی پیش رفت کا خواہشمند نظر آتا ہے، لیکن یہ دیکھنا ہوگا کہ آیا واقعی کوئی نتیجہ سامنے آتا ہے یا نہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ان مذاکرات کے اگلے مرحلے کی جگہ ابھی طے نہیں ہوئی۔

ماضی کے تجربات کا حوالہ دیتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ ماضی میں ایران کو بات چیت کا موقع ملا، لیکن وہ نتیجہ خیز ثابت نہیں ہوا، جس کے بعد ہم نے ایران کے خلاف آپریشن مڈ نائٹ ہیمرکیا۔ مجھے نہیں لگتا کہ ایران اب دوبارہ ایسی کارروائی چاہے گا۔

گذشتہ روز بھی وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے ایران کی جانب بحری بیڑے کی حرکت کا ذکر کیا اور کہا کہ وینزویلا بھیجے گئے بیڑے سے بھی بڑا بحری بیڑہ ایران کی طرف گامزن ہے۔

صدر ٹرمپ نے خبردار کیا کہ اگر ایران کے ساتھ کوئی معاملہ طے پا گیا تو یہ بہتر ہوگا، لیکن اگر ایسا نہ ہوا تو بہت برے نتائج سامنے آ سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : ایران مذاکرات ناکام ہوئے تو نتائج سنگین ہوں گے، ٹرمپ کی سخت وارننگ

انہوں نے زور دیا کہ امریکہ ضرورت پڑنے پر سخت کارروائی کرنے کے لیے تیار ہے۔

امریکہ اور ایران کے تعلقات کئی اہم بین الاقوامی امور میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، اور دنیا بھر کی نظریں اس بات پر مرکوز ہیں کہ آیا یہ مذاکرات کسی نتیجے پر پہنچ پائیں گے یا نہیں۔

Scroll to Top