سکھ فار جسٹس تنظیم کے سربراہ گرپتونت سنگھ پنوں نے بلوچستان میں ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ یہ حملہ بھارتی خفیہ ایجنسی کی سرپرستی میں کیا گیا۔
اپنے بیان میں گرپتونت سنگھ پنوں نے کہا کہ بلوچستان میں ہونے والا دہشت گرد حملہ نہ صرف پاکستان بلکہ امریکی مفادات کے خلاف بھی براہِ راست کارروائی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت دہشت گرد گروہوں کے ذریعے پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
سکھ رہنما نے مزید الزام لگایا کہ بھارت کا مقصد دہشت گردی کے ذریعے پاکستان میں امریکی سرمایہ کاری کو روکنا ہے تاکہ خطے میں ترقی اور استحکام کے عمل کو نقصان پہنچایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت خطے میں اپنے مذموم عزائم کو پورا کرنے کے لیے دہشت گردی کو بطور ہتھیار استعمال کر رہا ہے۔
سکھ فار جسٹس تنظیم کی جانب سے جاری بیان میں کوئٹہ میں بھارتی سرپرستی میں ہونے والے دہشت گرد حملوں کی سخت مذمت کی گئی۔
بیان میں کہا گیا کہ اس طرح کی کارروائیاں خطے کے امن کے لیے سنگین خطرہ ہیں اور عالمی برادری کو اس کا نوٹس لینا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں : امریکہ نے سعودی عرب کو ایف 15 طیاروں کے آلات فروخت کرنے کی منظوری دیدی
گرپتونت سنگھ پنوں نے کہا کہ بھارت دہشت گردی کے ذریعے پاکستان کو غیر مستحکم کرنا چاہتا ہے، تاہم ایسی کوششیں خطے میں امن و استحکام کو سبوتاژ کرنے کے مترادف ہیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ عالمی ادارے بھارت کے مبینہ کردار کی تحقیقات کریں اور خطے میں امن کے قیام کے لیے مؤثر اقدامات اٹھائے جائیں۔





