پاکستان سمیت دنیا بھر میں ہر سال 5 فروری کو بھارتی تسلط کے خلاف یومِ یکجہتی کشمیر منایا جاتا ہے، جس کا مقصد مظلوم کشمیری عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی اور ان کے حقِ خودارادیت کی حمایت کا اعادہ کرنا ہے۔ اسی تناظر میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا مسئلہ کشمیر پر واضح، دو ٹوک اور جرات مندانہ مؤقف ایک بار پھر توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ایک سال قبل یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر مظفرآباد میں خطاب کرتے ہوئے کشمیر پر پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا تھا۔ اس موقع پر انہوں نے بھارت کو واضح پیغام دیا تھا کہ پاکستان کسی بھی صورت اس کی عددی برتری کے دباؤ میں نہیں آئے گا اور کشمیر کے مسئلے پر اپنے اصولی مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔
اپنے خطاب میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا تھا کہ پاکستان کشمیر کے معاملے پر مزید دس جنگیں لڑنے سے بھی دریغ نہیں کرے گا، کیونکہ یہ مسئلہ پاکستان کی خارجہ پالیسی، سلامتی اور قومی وقار سے جڑا ہوا ہے۔ ان کے اس بیان کو کشمیری عوام اور پاکستانی قوم نے غیر معمولی حوصلہ افزا قرار دیا تھا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاکستانی افواج نے بھارتی جارحیت کے جواب میں جس پیشہ ورانہ مہارت اور جرات کا مظاہرہ کیا، اسے عالمی سطح پر بھی تسلیم کیا گیا۔ دفاعی ماہرین کے مطابق پاکستانی افواج کی اس کامیابی نے نہ صرف دشمن کے عزائم کو ناکام بنایا بلکہ خطے میں طاقت کے توازن کو بھی واضح کر دیا۔
آزاد کشمیر کے شہریوں نے اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سال یومِ یکجہتی کشمیر پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی مظفرآباد آمد نے مقبوضہ اور آزاد کشمیر کے عوام کے حوصلے بلند کر دیے تھے۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ سپہ سالار کی موجودگی نے کشمیری عوام کو یہ احساس دلایا کہ پاکستان ہر سطح پر ان کے ساتھ کھڑا ہے۔
ایک شہری نے کہا کہ ہمیں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی جرات مندانہ قیادت پر فخر ہے۔ انہوں نے گزشتہ سال مسئلہ کشمیر پر جس عزم کا اظہار کیا تھا، مئی 2025 میں اسے عملی طور پر پورا کر دکھایا۔ مسلح افواج کی شاندار کامیابی سے دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن ہوا۔
سیاسی اور عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ مسئلہ کشمیر پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا واضح، اصولی اور غیر متزلزل مؤقف مظلوم کشمیری عوام کے حوصلوں کو نئی طاقت دے رہا ہے اور یہ پیغام دے رہا ہے کہ پاکستان کشمیر کے معاملے پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا۔





