اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابرسلیم سواتی کے خلاف شکایات پر تحقیقات کا آغاز

 خیبرپختونخوا کی احتساب کمیٹی نے اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابرسلیم سواتی کے خلاف شکایات پر تحقیقات کا آغاز کرتے ہوئے 10 مارچ تک جواب طلب کر لیا ہے۔

 ذرائع کے مطابق، احتساب کمیٹی کو اسپیکر کے خلاف ایک درخواست موصول ہوئی تھی جس میں ان پر اختیارات کے ناجائز استعمال، غیر قانونی بھرتیوں اور اسپیکر ہاؤس کی تزئین و آرائش پر بلاجواز کروڑوں روپے خرچ کرنے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

احتساب کمیٹی نے اسپیکر بابرسلیم سواتی سے 10 مارچ تک جواب طلب کیا ہے۔ اسی دوران، خیبرپختونخوا اسمبلی کے قانونی مشیر علی عظیم آفریدی ایڈووکیٹ نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسپیکر کی طرف سے ایک ہفتے کے اندر جواب جمع کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسمبلی کی تزئین و آرائش کا کام سی این ڈبلیو کا تھا، نہ کہ اسپیکر کا، اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزامات بے بنیاد ہیں۔

یہ بھی پڑھیں لکی مروت: بھرتیوں میں ہیر پھیر، پی ٹی آئی ایم پی این اے نے اپنی حکومت کیخلاف نیا پنڈورا باکس کھول دیا، سپیکر سے فوری ایکشن کا مطالبہ

دوسری جانب، سابق وزیرِ اعظم عمران خان نے خیبرپختونخوا میں مبینہ کرپشن اور وزرا کی کارکردگی پر احتساب کمیٹی کو مئی تک رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔

عمران خان کی ہدایت کے بعد پارٹی کی احتساب کمیٹی نے صوبائی کابینہ کے وزرا کو طلب کرنا شروع کر دیا ہے، اور تحقیقات کے عمل کو تیز کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے

Scroll to Top