نوجوانوں کا جوش، صلاحیتوں کا مقابلہ: 5 ہزار سے زائد کھلاڑی آج سے انڈر 21 گیمز میں خیبرپختونخوا کی سرزمین پر اترینگے

نوجوانوں کا جوش، صلاحیتوں کا مقابلہ: 5 ہزار سے زائد کھلاڑی آج سے انڈر 21 گیمز میں خیبرپختونخوا کی سرزمین پر اترینگے

محکمہ کھیل خیبرپختونخوا کے زیر اہتمام انڈر 21 کھیلوں کے مقابلے آج سے شروع ہونگے۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی آج ان گیمز کا باضابطہ افتتاح کریں گے، جس سے صوبے کے نوجوان کھلاڑیوں میں جوش و ولولہ پیدا ہو گیا ہے۔

محکمہ کھیل کے ترجمان تاج محمد ترند نے کہا کہ یہ مقابلے بانی چیئرمین عمران خان کے ویژن کے مطابق صوبائی حکومت کی کھیلوں کے فروغ کے لیے پُرعزم حکمت عملی کا حصہ ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ خواتین اور خصوصی افراد کو کھیلوں میں یکساں مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں تاکہ ہر کھلاڑی اپنی صلاحیت کے مطابق میدان میں اپنا بہترین مظاہرہ کر سکے۔

تاج محمد ترند نے بتایا کہ انڈر 21 گیمز سے صوبے کے بہترین ٹیلنٹ سامنے آئے گا اور خیبرپختونخوا کے کھلاڑی ہمیشہ کی طرح ملکی اور بین الاقوامی سطح پر صوبے اور ملک کا نام روشن کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں کھیلوں کے فروغ اور اسپورٹس انفراسٹرکچر کی بحالی پر خطیر فنڈز خرچ کیے جا رہے ہیں تاکہ کھلاڑیوں کو بہترین سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

انڈر 21 گیمز میں صوبہ بھر سے 5 ہزار سے زائد مرد و خواتین کھلاڑی شریک ہوں گے۔ مرد کھلاڑیوں کے لیے 38 جبکہ خواتین کے لیے 18 مختلف کھیلوں کے مقابلے منعقد کیے جائیں گے۔ یہ مقابلے مردان، کوہاٹ، چارسدہ اور حیات آباد میں ہوں گے، جبکہ خواتین اور خصوصی افراد کے لیے خصوصی مقابلوں کا انعقاد بھی کیا گیا ہے۔

تاج محمد ترند نے کہا کہ انڈر 21 گیمز کے اختتام پر، 7 فروری کو پشاور میں اختتامی تقریب کا انعقاد کیا جائے گا، جس میں بہترین کھلاڑیوں کو شیلڈز اور انعامات سے نوازا جائے گا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ہر کھلاڑی کو بہترین سہولیات اور مقابلوں کے مواقع فراہم کیے جائیں گے تاکہ نوجوان اپنی صلاحیتوں کو بھرپور طریقے سے دکھا سکیں۔

Scroll to Top