حکومت اور اپوزیشن کے درمیان سیاسی مذاکرات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے اور ذرائع کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف اگلے قومی اسمبلی اجلاس میں اپوزیشن لیڈر محمود اچکزئی سے ملاقات کریں گے۔
وزیر اعظم اپنے وفد کے ہمراہ اپوزیشن لیڈر چیمبر میں پہنچیں گے اور اس موقع پر دونوں طرف سے اہم سیاسی امور پر بات چیت متوقع ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مشیروزیر اعظم برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وزیرِ اعظم جب پارلیمنٹ آئیں گے تو اپوزیشن قیادت سے ملاقات کریں گے۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ روز پارلیمنٹ ہاؤس میں وزیرِ اعظم اور اپوزیشن لیڈر کے درمیان ملاقات کے لیے رابطے کیے گئے، اور اس سلسلے میں رانا ثناء اللہ نے رابطے کا اہم کردار ادا کیا۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ صدر آصف زرداری کی کراچی میں موجودگی کی وجہ سے پیر کے روز ملاقات ممکن نہ ہو سکی، کیونکہ وزیراعظم چاہتے تھے کہ ملاقات سے قبل صدر آصف علی زرداری کو اعتماد میں لیا جائے۔
اسی طرح قازقستان کے صدر کے دورے اور دیگر مصروفیات کے باعث بھی اپوزیشن لیڈر سے ملاقات میں تاخیر ہوئی ہے۔ تاہم سیاسی حلقے اس ملاقات کو حکومت اور اپوزیشن کے درمیان اعتماد سازی کے عمل میں ایک اہم قدم قرار دے رہے ہیں۔





