پاکستان کے نوجوان اوپنر صائم ایوب نے ایک مرتبہ پھر آئی سی سی مینز ٹی 20 آل راؤنڈر رینکنگ میں سرفہرست پوزیشن حاصل کر لی ہے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی تازہ جاری کردہ درجہ بندی کے مطابق 23 سالہ صائم ایوب نے زمبابوے کے سکندر رضا کو پیچھے چھوڑ دیا۔ آسٹریلیا کے خلاف حالیہ سیریز میں صائم ایوب نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 119 رنز بنائے اور 3 وکٹیں بھی حاصل کیں، جس کا انہیں بھرپور فائدہ ملا۔
دیگر پاکستانی کھلاڑیوں کی رینکنگ میں بھی نمایاں بہتری دیکھنے میں آئی ہے۔ اسپنر ابرار احمد دو درجے ترقی کے بعد ٹی 20 باؤلرز کی فہرست میں دوسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں اور وہ ٹاپ پوزیشن سے محض 28 ریٹنگ پوائنٹس کے فاصلے پر ہیں۔
اسی طرح محمد نواز نے پانچ وکٹیں حاصل کرنے کے بعد آٹھ درجے چھلانگ لگاتے ہوئے باؤلرز میں ساتویں پوزیشن حاصل کر لی، جبکہ آل راؤنڈرز کی فہرست میں بھی ایک درجے بہتری کے ساتھ چوتھے نمبر پر آ گئے ہیں۔ فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی نے بھی پانچ درجے ترقی پا کر انیسویں پوزیشن سنبھال لی ہے۔
بیٹنگ رینکنگ میں بھی پاکستانی کھلاڑیوں نے پیش رفت کی ہے۔ صائم ایوب آٹھ درجے بہتری کے بعد ستائیسویں جبکہ کپتان سلمان علی آغا بارہ درجے ترقی کے ساتھ انتیسویں نمبر پر آ گئے ہیں۔
دوسری جانب صاحبزادہ فرحان آسٹریلیا کے خلاف متاثر کن کارکردگی نہ دکھا سکے، جس کے باعث انہیں دو درجے تنزلی کا سامنا کرنا پڑا اور وہ ساتویں پوزیشن پر چلے گئے ہیں۔





