کامران علی شاہ
احتساب عدالت نے کوہستان کرپشن سکینڈل میں چار بے نامی داروں کی اپنی جائیداد اور 14 کروڑ روپے نقد سے دستبرداری کی درخواست منظور کرتے ہوئے رقوم نیب اور اثاثے صوبائی حکومت کے حوالے کرنے کا حکم دے دیا۔
احتساب عدالت کے جج محمد ظفر خان نے کوہستان کرپشن سکینڈل میں ایک خاتون سمیت چار بے نامی داروں کی درخواستوں پر سماعت کی۔
عدالت کو بتایا گیا کہ چاروں درخواست گزار اپنی طرف سے 14 کروڑ 10 لاکھ روپے نقد، ایک کنال 7 مرلہ پلاٹ اور 5 مرلہ مکان سے دستبردار ہو رہے ہیں۔
نیب تفتیشی آفیسر کے مطابق سکینڈل کے مرکزی ملزم قیصر اقبال نے مہوش نامی خاتون کے اکاونٹ میں 3 کروڑ روپے منتقل کیے، جبکہ سی اینڈ ڈبلیو کے ملازم برکت علی کے اکاونٹ میں 11 کروڑ 10 لاکھ روپے منتقل کیے گئے۔
مزید تحقیقات سے معلوم ہوا کہ ملزم قیصر اقبال نے گل داد کے نام پر ایبٹ آباد میں ایک کنال 7 مرلہ قیمتی پلاٹ خریدا، اور عامر شہزاد کے نام پر راولپنڈی میں 5 مرلہ مکان بھی خریدا۔
نیب تفتیشی آفیسر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ درخواست گزار اپنی مرضی سے تمام رقوم اور اثاثوں سے دستبردار ہو رہے ہیں اور اس سلسلے میں نیب کو کوئی اعتراض نہیں ہے۔
احتساب عدالت نے درخواست گزاروں کی رقوم چیئرمین نیب کے اکاونٹ میں منتقل کرنے اور اثاثے صوبائی حکومت کے حوالے کرنے کا حکم دے دیا۔





