گوگل نے خبردار کیا ہے کہ دنیا بھر کے اینڈرائیڈ فونز میں سے تقریباً 40 فیصد نئے سائبر حملوں کے خطرے سے دوچار ہیں اور ان کے لیے سیکیورٹی اپ ڈیٹس دستیاب نہیں ہیں۔
کمپنی نے تصدیق کی ہے کہ خاص طور پر اینڈرائیڈ 12 اور اس سے پرانے ورژنز کے فونز نئے میل ویئر اور اسپائی ویئر حملوں کا مقابلہ کرنے کے قابل نہیں رہیں گے جبکہ دنیا کے صرف 58 فیصد فونز اب بھی گوگل کی سیکیورٹی سپورٹ کے تحت ہیں۔
گوگل کے تازہ ترین ڈیٹا کے مطابق اینڈرائیڈ 16 صرف 7.5 فیصد فونز پر موجود ہے، اینڈرائیڈ 15 پر 19.3 فیصد، اینڈرائیڈ 14 پر 17.9 فیصد اور اینڈرائیڈ 13 پر 13.9 فیصد فونز استعمال ہو رہے ہیں۔
اس صورتحال میں ایک ارب سے زائد صارفین کے فون نئے سائبر حملوں کے لیے حساس ہیں اور ان کے پاس انہیں محفوظ بنانے کا کوئی فوری طریقہ موجود نہیں۔
گوگل صارفین کو مشورہ دے رہا ہے کہ اگر ان کے فون اینڈرائیڈ 13 یا اس سے جدید ورژن پر اپ ڈیٹ نہیں ہو سکتے تو وہ نیا فون خریدنے پر غور کریں، تاکہ اپنے ڈیٹا اور معلومات کو ممکنہ حملوں سے محفوظ بنایا جا سکے۔





