گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے ملک میں 5 ہزار روپے کے کرنسی نوٹ کے ختم ہونے یا متروک ہونے کی افواہوں کی مکمل تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی خبریں جعلی ہیں۔
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں جمیل احمد نے بتایا کہ حکومت پاکستان نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن پر کام کر رہی ہے لیکن ان کی حتمی منظوری وفاقی کابینہ دے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر بینک بغیر اطلاع دیے صارفین کے ایس ایم ایس سروس کے ذریعے رقم کی کٹوتی کرتے ہیں تو اس پر سخت کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے وضاحت کی کہ ٹیلی کام کمپنیوں کی جانب سے ایس ایم ایس ریٹس بڑھائے جانے کے باعث بینکوں کے چارجز میں اضافہ ہوا ہے۔
اجلاس میں قائمہ کمیٹی نے بھی بینکوں کو ہدایت کی کہ ایس ایم ایس سروس کے نام پر اکاؤنٹ ہولڈرز سے کٹوتیاں بند کی جائیں اور خلاف ورزی کرنے والے بینکوں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔
کمیٹی کے اراکین نے کہا کہ بینک ایس ایم ایس کے ذریعے اپنا وقت اور وسائل بچاتے ہیں لیکن اس کے باوجود صارفین سے اضافی فیس لینا درست نہیں۔





