فیصل کریم کنڈی نے خیبرپختونخوا میں گورنر راج کے امکان پر اپنی خاموشی توڑ دی

اسلام آباد: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وزیر اعظم اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی حالیہ ملاقات کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وفاق اور صوبائی حکومت کو دہشت گردی کے خلاف مل کر کام کرنا بہت ضروری ہے۔

سندھ اسمبلی میں گفتگو کرتے ہوئے گورنر نے واضح کیا کہ خیبرپختونخوا دہشتگردی کے شدید خطرے کا سامنا کر رہا ہے، اس لیے حکومت کی ہم آہنگی صوبے کی سلامتی اور عوام کے تحفظ کے لیے ناگزیر ہے۔

انہوں نے 8 فروری کو لاہور میں بسنت کے انعقاد کے حوالے سے کہا کہ ان کے خیال میں اس دن کسی بھی طرح کی ہڑتال یا مظاہرہ نہیں ہوگا، خاص طور پر اس کے بعد کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی اور وزیر اعظم کی ملاقات ہو چکی ہے۔

گورنر فیصل کریم کنڈی نے مزید کہا کہ بانی تحریک انصاف کو علاج کی سہولت فراہم کی گئی، اور گورنر راج کے قیام میں ان کی کوئی دلچسپی نہیں۔

انہوں نے واضح کیامجھے صوبے کا راجہ بننے کا شوق نہیں، اور موجودہ حالات میں خیبرپختونخوا میں کسی گورنر راج کے امکانات نظر نہیں آتے۔

ان کا کہنا تھا کہ وفاق اور صوبائی حکومت کے درمیان تعاون ہی صوبے میں امن، استحکام اور عوامی خدمات کے بہتر نفاذ کی ضمانت ہے۔

یہ بھی پڑھیں : وزیراعلی سہیل آفریدی کی وزیراعظم سے ملاقات پر اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر عباد کا ردعمل

 جبکہ دوسری جانب اپوزیشن لیڈرخیبرپختونخوا اسمبلی و رہنما مسلم لیگ ن ڈاکٹر عباد اللہ نے وزیر اعلیٰ سہیل افریدی کی وزیر اعظم سے ملاقات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم سے ملاقات میں کوئی سیاسی بات نہ کر کے وزیر اعلیٰ نے ایک اچھے بچے کا کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ وہ ہمیشہ کہتے آئے ہیں کہ آمنے سامنے بیٹھ کر بات کرنا مسائل کے حل کے لیے یہی فورم ہوتا ہے۔

ڈاکٹر عباد کا کہنا تھا کہ صوبے کے مسائل حل کرنے کے لیے وزیر اعظم کے پاس جا کر بیٹھنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ملاقات میں وزیر اعلیٰ نے اڈیالہ اور سٹریٹ موومنٹ کی بات نہ کر کے ایک اچھے بچے کا کردار ادا کیا۔

اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ اسی طرح اگر وزیر اعلیٰ اچھے بچے بن جائیں تو مسائل حل ہوں گے۔

ڈاکٹر عباد کا کہنا تھا کہ کبھی ایک ڈسٹرکٹ، کبھی دوسرے ڈسٹرکٹ، کبھی ایک چوک اور کبھی دوسرے چوک میں چار کے ٹولے اور ایک گاڑی کے اوپر چڑھنے سے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ لوگ پبلک میں مینڈیٹ کے لیے جاتے ہیں، ابھی آپ کے پاس مینڈیٹ ہے تو پبلک میں جانے کی کیا ضرورت ہے، مسائل کے حل کے لیے متعلقہ فورمز موجود ہیں۔

ڈاکٹر عباد نے کہا کہ موبلائز کرنے کی ضرورت نہیں ہے، ڈیلیوری کی ضرورت ہے۔

Scroll to Top