سلمان یوسفزئی
پشاور: پشاور کے حیات آباد انڈسٹریل ایریا میں مبینہ طور پر سٹی پٹرول پولیس کے اہلکار کی فائرنگ سے نوجوان طلحہ جاں بحق ہو گیا، جس کے بعد علاقے کے اہل علاقہ اور لواحقین نے ٹاؤن چوک پر احتجاج کیا۔
پولیس کے مطابق سٹی پٹرول کے اہلکاروں نے ایک گاڑی کو روکنے کی کوشش کی، لیکن گاڑی نہ رکنے پر اہلکار نے فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار طلحہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور کشیدگی بڑھ گئی۔
مقتول کے لواحقین اور اہل علاقہ نے لاش کو ٹاؤن تھانہ کے سامنے رکھ کر احتجاج کیا اور پولیس اہلکار کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین نے شفاف تحقیقات اور فوری انصاف کا بھی مطالبہ کیا۔
دوسری جانب پولیس حکام نے بتایا کہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور فائرنگ میں ملوث اہلکار کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے لیے تیار ہیں۔ پولیس کی یقین دہانی کے بعد مظاہرین نے پرامن طور پر احتجاج ختم کر دیا۔
یہ بھی پڑھیں : نومولود بچوں کے صحت انصاف کارڈ کے مسائل پر وزیر صحت کا فوری نوٹس
پولیس کا کہنا ہے کہ قانونی کارروائی جاری ہے اور ضابطے کے مطابق تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ذمہ داروں کے خلاف مزید اقدامات کیے جائیں گے۔





