اسلام آباد: ایران اور امریکہ کے درمیان جوہری مذاکرات کے حوالے سے پیدا ہونے والی قیاس آرائیوں کا سلسلہ ختم ہو گیا ہے، کیونکہ دونوں ممالک نے تصدیق کی ہے کہ مذاکرات طے شدہ دن اور وقت کے مطابق ہوں گے۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں اعلان کیا کہ امریکہ کے ساتھ جوہری مذاکرات جمعے کو صبح 10 بجے عمان کے شہر مسقط میں ہوں گے۔
Nuclear talks with the United States are scheduled to be held in Muscat on about 10 am Friday.
I’m grateful to our Omani brothers for making all necessary arrangements.
— Seyed Abbas Araghchi (@araghchi) February 4, 2026
عراقچی نے اس موقع پر عمانی بھائیوں کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے تمام ضروری انتظامات فراہم کیے تاکہ مذاکرات کامیابی سے منعقد ہو سکیں۔
ایرانی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ مذاکرات میں صرف جوہری امور پر بات چیت ہوگی اور علاقائی شراکت دار شامل نہیں ہوں گے، جو ایران کی جانب سے عائد کیے گئے مطالبات میں شامل تھا۔
دوسری جانب دو سینئر امریکی اہلکاروں نے بھی امریکی میڈیا کو بتایا کہ مذاکرات عمان میں شیڈول کے مطابق ہوں گے اور دونوں فریقین پرامن مذاکرات کے لیے تیار ہیں۔
قبل ازیں یہ مذاکرات ترکی کے شہر استنبول میں جمعے کو شیڈول تھے، لیکن ایران کی جانب سے مقام تبدیلی کا مطالبہ کیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں : ایران کے ساتھ مذاکرات جاری، امید ہے کامیابی ملے گی، صدر ٹرمپ
ایران نے اپنے مطالبات میں علاقائی شراکت داروں کو شامل نہ کرنے اور بات چیت کو صرف جوہری امور تک محدود رکھنے کی شرائط بھی رکھی تھیں، تاہم ان مطالبات کی قبولیت یا رد عمل کے بارے میں اب تک کوئی حتمی معلومات سامنے نہیں آئیں۔
عمان میں مذاکرات کی تصدیق سے خطے میں سفارتی کشیدگی کو کم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے اور عالمی برادری اس بات پر نظر رکھے ہوئے ہے کہ آیا ایران اور امریکہ اس موقع پر کسی بامعنی پیش رفت پر پہنچ پائیں گے یا نہیں۔





