سعودی عرب کا حیران کن فیصلہ: اونٹوں کو بھی دیا جائے گا شناختی پاسپورٹ

ریاض: سعودی عرب نے ملک میں موجود لاکھوں اونٹوں کے لیے پاسپورٹ جاری کرنے کا منصوبہ شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے، جس کا مقصد مملکت کے قیمتی اونٹوں کے ریوڑوں کا بہتر انتظام اور نگرانی کو یقینی بنانا ہے۔

وزارتِ ماحولیات، پانی اور زراعت کے مطابق اس اقدام سے اونٹوں کی پیداواری صلاحیت اور کارکردگی میں اضافہ ہوگا اور ایک قابل اعتماد ڈیٹا بیس تیار کیا جائے گا، جو اونٹوں کی نسل، صحت اور مالکان کی معلومات فراہم کرے گا۔

منگل کے روز وزارت کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری کردہ پوسٹ میں اس پاسپورٹ کی تصویر بھی شامل کی گئی، جو سبز رنگ کا ہے اور اس پر سعودی قومی نشان اور سنہری رنگ میں اونٹ کی تصویر بنی ہوئی ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق 2024 میں سعودی عرب میں اونٹوں کی تعداد تقریباً 22 لاکھ ہے، جو اس اسکیم کی ضرورت کو واضح کرتی ہے۔

اونٹ صدیوں سے عرب دنیا میں نقل و حمل اور ثقافتی روایت کا حصہ رہے ہیں۔ یہ جانور مالکان کے لیے وقار اور سماجی حیثیت کی علامت بھی سمجھے جاتے ہیں۔

اس روایت کی وجہ سے سعودی عرب میں اونٹوں کی افزائش ایک منافع بخش صنعت کے طور پر بھی پروان چڑھی ہے۔

سعودی عرب میں ہر سال اونٹوں کے حُسن کے مقابلے بھی منعقد کیے جاتے ہیں، جن میں شوقین افراد اپنے اونٹوں پر لاکھوں ڈالر خرچ کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : روزانہ انڈے کھانے سے جسم پر حیران کن اثرات

تاہم بعض بددیانت افراد غیر قانونی طریقوں سے برتری حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں، جس کی روک تھام کے لیے بھی یہ پاسپورٹ اسکیم معاون ثابت ہوگی۔

سعودی حکومت کے اس اقدام سے امید کی جا رہی ہے کہ نہ صرف اونٹوں کی شناخت اور صحت کی بہتر نگرانی ممکن ہوگی بلکہ غیر قانونی سرگرمیوں میں بھی کمی آئے گی اور اونٹوں کی افزائش اور معیاری دیکھ بھال کو فروغ ملے گا۔

Scroll to Top