چیمپئنز ٹرافی کا سب سے بے معنی میچ آج (جمعرات) پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلا جائے گا، خود غرض کرکٹرز رہی سہی ساکھ بچانے کیلئے کوشاں ہیں
بارش نے مہلت دی تو نام نہاد اسٹارز ’صلاحیتوں‘ کے اظہار کیلئے ایک دوسرے پر بازی لے جانے کی کوشش کریں گے، آخری میچ میں پلیئنگ الیون میں ردوبدل کا امکان بھی موجود ہے، فہیم اشرف یا محمد حسنین کی جگہ بنانے کیلئے کسی ایک سینئر پیسر کو باہر بھی بٹھایا جاسکتا ہے۔ دوسری جانب بنگلہ دیشی ٹیم کی بھی یہی کہانی ہے، گھر واپسی سے قبل ٹائیگرز فتح کا ذائقہ
کھنا چاہتے ہیں، ان کی نگاہیں جدوجہد کے شکار گرین شرٹس کے خلاف مایوس کن ریکارڈ کو بہتر بنانے پر مرکوز ہوگی، دونوں ٹیمیں چیمپئنز ٹرافی کی تاریخ میں پہلی بار مدمقابل آئیں گی، 3 دن سے کورز میں ڈھکی پچ بیٹرز کو پریشان کرسکتی ہے۔دونوں ٹیموں کا آج ایونٹ میں آخری میچ ہوگا، اب تک کھیلے گئے میچز میں پاکستان اور بنگلادیش دونوں کو ہی نیوزی لینڈ اور
بھارت کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔دونوں ہی ٹیمیں سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہو چکی ہیں جبکہ ایونٹ میں اپنی پہلی جیت کی تلاش میں ہیں۔دوسری جانب گزشتہ روز بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم نے پریکٹس نہیں کی، ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ صلاح الدین نے کہا کہ ہم نے چیمپئنز ٹرافی میں اچھا نہیں کھیلا، ماضی میں یقین نہیں رکھتا، آخری میچ بہتر کھیلنے کی کوشش کریں گے۔
اسسٹنٹ کوچ صلاح الدین نے پریس کانفرنس میں کہا کہ ہمارے بولرز نے گزشتہ دو میچوں میں بہتر بولنگ کی۔ ان کا کہنا تھا کہ چیمپئنز ٹرافی میں ہماری بولنگ بہتر رہی، بیٹنگ میں بہتری کی ضرورت تھی، مڈل آرڈر بیٹنگ توقعات پوری نہ کرسکی۔دونوں ٹیموں کے درمیان میچ دوپہر دو بجے شروع ہو گا، جیو سوپر ایونٹ کے تمام میچز براہ راست نشرکر رہا ہے۔