فرنٹیئر کور خیبر پختونخوا (ساؤتھ) کی جانب سے شمالی وزیرستان (دوسلی)میں سماجی بہبود کے فروغ کے لیے اسپیشل ہیلپ ڈیسک کا افتتاح

فرنٹیئر کور خیبر پختونخوا (ساوتھ) کی جانب سے شمالی وزیرستان کے علاقے دوسلی میں سماجی بہبود کے فروغ کے لیے ایک اسپیشل ہیلپ ڈیسک کا افتتاح کیا گیا ہے۔

اس ہیلپ ڈیسک کا مقصد مقامی عوام کی معاونت اور خود کفالت کا فروغ ہے، جہاں اپنا روزگار اسکیم کے تحت درزی کی دکانوں، موٹر سائیکل و سائیکل مرمت، چھوٹی کریانہ اور موبائل ریپئر شاپس کے لیے ضروری آلات فراہم کیے جا رہے ہیں۔

اس کے علاوہ معذور افراد کے لیے وہیل چیئرز، مصنوعی اعضا، سماعتی آلات، طبی سہولیات، مالی و تعلیمی معاونت اور گرم ملبوسات بھی فراہم کیے گئے۔

اسی موقع پر وزیرستان کے مختلف علاقوں دوسلی، اسد خیل اور گڑیوم سے تعلق رکھنے والے مشران اور نوجوانوں نے بھرپور شرکت کی۔تقریب میں فرنٹیئر کور خیبر پختونخوا (ساوتھ) کے مقامی بریگیڈ کمانڈر نے شرکاء کا خیرمقدم کیا، جبکہ کثیر تعداد میں مقامی مستحق خاندانوں نے اس فلاحی اقدام سے استفادہ کیا۔

مقامی رہائشیوں نے اس اقدام کو علاقے میں سماجی ہم آہنگی، خود کفالت اور عوامی فلاح کے فروغ کی ایک اہم مثال قرار دیتے ہوئے سیکیورٹی فورسز کا شکریہ ادا کیا۔

Scroll to Top