وزارت مذہبی امور نے عازمینِ حج کے لیے سعودی ویزا بائیو ایپ کے ذریعے بائیو میٹرک تصدیق مکمل کرنے کی آخری تاریخ مقرر کر دی ہے۔
وزارت کے ترجمان کے مطابق حج پر جانے کے خواہشمند افراد کو سعودی ویزا بائیو ایپ کے ذریعے بائیو میٹرک عمل ہر صورت 8 فروری 2026 تک مکمل کرنا ہوگا۔ ترجمان نے عازمین سے کہا ہے کہ وہ سہولت کے پیش نظر موبائل ایپ کے ذریعے گھر بیٹھے فنگر پرنٹس کی تصدیق کا عمل مکمل کریں۔
یہ بھی پڑھیں : حج ویزہ کے لیے سعودی بائیو میٹرک لازمی قرار، وزارت مذہبی امور نے آسان حل بتادیا
عازمین کی سہولت کے لیے تاشیر سینٹرز ہفتہ اور اتوار کو صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک کھلے رہیں گے۔ تاہم رش اور انتظار سے بچنے کے لیے وزارت نے ترجیحاً موبائل ایپ استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ بائیو میٹرک تصدیق کے بغیر حج ویزا جاری نہیں کیا جائے گا، اس لیے عازمین مقررہ وقت سے قبل یہ عمل مکمل کر لیں۔
واضح رہے کہ 80 سال سے زائد عمر کے عازمینِ حج کو بائیو میٹرک تصدیق سے استثنیٰ حاصل ہے۔





