آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا آج سے شاندار آغاز ہو رہا ہے، جس میں دنیا بھر کی 20 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لیے میدان میں اتریں گی۔ ایونٹ کے لیے ٹیموں کو چار گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے جبکہ ورلڈ کپ کے پہلے روز شائقین کرکٹ کو تین سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔
پاکستانی ٹیم گروپ اے میں اپنا پہلا میچ آج نیدرلینڈز کے خلاف کھیلے گی۔ یہ میچ پاکستانی وقت کے مطابق صبح ساڑھے 10 بجے شروع ہوگا۔ قومی ٹیم نے اس اہم مقابلے کی تیاری کے لیے کولمبو میں بھرپور پریکٹس کی، جہاں کھلاڑیوں نے فیلڈنگ، بولنگ اور بیٹنگ کے شعبوں میں بھرپور مشقیں کیں تاکہ کسی بھی کمزوری پر قابو پایا جا سکے۔
میچ کے دوران بارش کی پیش گوئی بھی سامنے آئی ہے، جس کے باعث مقابلہ متاثر ہونے کا خدشہ موجود ہے، تاہم دونوں ٹیمیں ہر صورت بہترین کارکردگی دکھانے کے لیے پُرعزم ہیں۔
ورلڈ کپ کے دیگر مقابلوں میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم اسکاٹ لینڈ کے مدمقابل ہوگی، جبکہ ایک اور اہم میچ میں بھارت کی ٹیم امریکا کے خلاف میدان میں اترے گی، جس پر شائقین کی نظریں جمی ہوئی ہیں۔
پاکستان ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ نمبر تین پر ہی بیٹنگ جاری رکھیں گے اور فی الحال بیٹنگ آرڈر میں کسی تبدیلی کی ضرورت محسوس نہیں ہو رہی۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیم کی کوشش ہوگی کہ تمام میچز جیت کر ورلڈ کپ میں مضبوط آغاز کیا جائے۔
ایک سوال کے جواب میں کپتان نے واضح کیا کہ ٹیم میں وہی کھلاڑی شامل ہوں گے جو اس وقت بہترین فارم میں ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ چاہے فخر زمان ہوں یا بابر اعظم، اگر کوئی کھلاڑی بیسٹ کمبی نیشن میں فٹ نہیں بیٹھتا تو اسے کھلایا نہیں جائے گا۔
دوسری جانب نیدرلینڈز ٹیم کے بیٹر میکس اوڈاوڈ نے پاکستان ٹیم کو مضبوط قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو ہرانا آسان نہیں ہوگا اور ان کی ٹیم کو غیر معمولی کارکردگی دکھانا ہوگی۔





