جنگ مسلط کی گئی تو حملہ آوروں کو ناقابلِ تلافی نقصان اٹھانا پڑے گا، ایرانی چیف آف جنرل اسٹاف

ایرانی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف میجر جنرل عبد الرحیم موسوی نے کہا ہے کہ ایران کسی بھی صورت جنگ کا آغاز نہیں کرے گا تاہم اپنی قومی سلامتی اور دفاع کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایران کے خلاف کسی بھی فوجی کارروائی کا جواب ایسا ہوگا جس کے نتائج حملہ آوروں کے لیے ناقابلِ تلافی ثابت ہوں گے۔

ایرانی چیف موسوی نے کہا ہے کہ دشمن کی جانب سے کی جانے والی کسی بھی قسم کی مہم جوئی یقینی شکست پر منتج ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ دشمن بخوبی آگاہ ہیں کہ ایران پر جنگ مسلط کرنے کی ہر کوشش نہ صرف اسٹریٹجک سطح پر ناکامی سے دوچار ہوگی بلکہ اس کے اثرات پورے خطے میں محسوس کیے جائیں گے جبکہ اس کے منصوبہ سازوں اور سہولت کاروں کو ایسے بھاری نقصانات اٹھانا پڑیں گے جن کی تلافی ممکن نہیں ہوگی۔

انہوں نے زور دیا کہ ایرانی فضائیہ دیگر مسلح افواج کے ساتھ مکمل ہم آہنگی کے ساتھ ہر قسم کے خطرے، جارحیت یا غلط اندازے کا فوری، فیصلہ کن اور مؤثر جواب دینے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے اور کسی بھی حملہ آور کو کاری ضرب لگائی جائے گی۔

چیف آف جنرل اسٹاف میجر جنرل عبد الرحیم موسوی نے واضح کیا کہ جمہوریہ ایران کبھی جنگ کی پہل نہیں کرے گا لیکن اپنی قومی سلامتی، حیاتی مفادات اور علاقائی سالمیت کے دفاع میں کسی قسم کی کمزوری یا تذبذب کا مظاہرہ نہیں کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: امریکہ نے ایران میں موجود امریکی شہریوں کو فوری انخلا کا ہنگامی الرٹ جاری کر دیا

ایرانی چیف آف جنرل اسٹاف کے یہ بیانات مسقط میں ایران اور واشنگٹن کے درمیان ہونے والے مذاکرات کے اگلے روز سامنے آئے ہیں۔

Scroll to Top