باڑہ میں پی ٹی آئی کی ہڑتال سے تاجر اور انجمن تاجران کے سینئر رہنما فقیر محمد کی لاتعلقی، جنگی حالات اور مہنگائی کو وجہ قرار دے دیا۔
انجمن تاجران باڑہ کے سینئر رہنما حاجی فقیر محمد نے باڑہ میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے دی گئی ہڑتال کی کال سے مکمل لاتعلقی کا اعلان کر دیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ موجودہ حالات میں ہڑتال عوام اور تاجروں کے مفاد میں نہیں ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حاجی فقیر محمد نے کہا کہ باڑہ اور گردونواح کے علاقوں میں جنگی صورتحال کا سامنا ہے، جس کے باعث عوام پہلے ہی شدید مشکلات میں گھرے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو روزمرہ زندگی میں بے شمار مسائل درپیش ہیں، ایسے میں ہڑتال مزید پریشانیوں کا سبب بنے گی۔
انہوں نے خیبر پختونخوا میں بڑھتی ہوئی مہنگائی پر بھی شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں آٹے کی قیمت پنجاب کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہے، جس سے عام آدمی کی زندگی متاثر ہو رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تاجروں اور عوام کے لیے کاروبار بند کرنا اس وقت ممکن نہیں۔
حاجی فقیر محمد نے امن و امان کی خراب صورتحال کی جانب بھی اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ علاقے میں سیکیورٹی مسائل بدستور موجود ہیں، جس کی وجہ سے لوگ پہلے ہی خوف اور دباؤ کا شکار ہیں۔ ان کے مطابق عوام نے پی ٹی آئی کی جانب سے دی گئی ہڑتال کی کال کو مسترد کر دیا ہے اور بازار کھلے رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے ایک بار پھر اس بات پر زور دیا کہ موجودہ جنگی حالات میں کاروباری سرگرمیوں کو جاری رکھنا عوامی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ناگزیر ہے، اور انجمن تاجران کسی بھی ایسی کال کا حصہ نہیں بنے گی جو عوامی مشکلات میں اضافے کا باعث بنے۔





