چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ 8 فروری کی کال پر پنجاب میں سخت اقدامات کیے گئے، تاہم اس کے باوجود پنجاب، بلوچستان، سندھ اور خیبر پختونخوا میں عوام نے احتجاج کیا اور پہیہ جام ہڑتال کی۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ اگرچہ کئی مقامات پر کاروبار کچھ وقت کے لیے ہی بند رہے، لیکن اس احتجاج کا مقصد واضح پیغام دینا تھا کہ عوام کا مینڈیٹ چوری نہ کیا جائے۔
انہوں نے بانی پاکستان تحریک انصاف کی جیل منتقلی سے متعلق خبروں کو افواہیں قرار دیتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو سیاسی مقدمات کی بنیاد پر جیل میں رکھا گیا ہے، اور ان کی منتقلی سے متعلق گردش کرنے والی اطلاعات میں کوئی صداقت نہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے واضح کیا کہ حکومت یا کسی بھی ادارے کے ساتھ کوئی بیک ڈور مذاکرات نہیں ہو رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ علامہ ناصر عباس اور محمود خان اچکزئی کے پاس یہ صوابدید ہے کہ وہ مذاکرات کریں یا آئندہ کا لائحہ عمل طے کریں۔





