ٹی20 ورلڈ کپ میں پاک بھارت میچ کے حتمی فیصلے کا امکان اب 12 فروری کو ہے۔ ذرائع کے مطابق آج کسی پیش رفت کے امکانات نہیں ہیں، اور ممکنہ طور پر فیصلہ آنے والے ہفتے میں ہوگا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان کو پہلے ہی 9 فروری کی ڈیڈ لائن دی تھی، تاہم ابھی تک معاملہ حتمی نہیں ہوا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی آج وزیرِ اعظم شہباز شریف سے ملاقات کریں گے، جس میں آئی سی سی کے وفد سے ہونے والی ملاقات کی تفصیلات سے آگاہ کیا جائے گا۔ پاکستان میں پاک بھارت میچ کھیلنے یا نہ کھیلنے کا حتمی فیصلہ بالآخر وزیرِ اعظم کریں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز آئی سی سی کا وفد لاہور پہنچا تھا اور بھارت سے میچ کھیلنے کی درخواست لے کر چیئرمین پی سی بی سے ملاقات کی تھی۔
ذرائع کے مطابق پاک بھارت میچ کے حوالے سے سیاسی اور انتظامی سطح پر حساسیت برقرار ہے، اور کرکٹ شائقین کی نظریں 12 فروری کے فیصلے پر مرکوز ہیں۔
اس فیصلے سے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے شیڈول اور دونوں ممالک کے کھیلوں کے شائقین کے جذبات پر براہ راست اثر پڑ سکتا ہے۔





