پشاور: صوبہ خیبر پختونخوا کے محکمہ تعلیم نے صوبے کے تمام غیر رجسٹرڈ نجی اسکولوں کے لیے پرائیوٹ اسکولز ریگولیٹری اتھارٹی میں رجسٹریشن لازمی قرار دے دی ہے۔
اس حوالے سے تمام تعلیمی بورڈز کے چیئرمینز کو مراسلہ جاری کیا گیا ہے، جس میں واضح کیا گیا ہے کہ غیر رجسٹرڈ نجی اسکول بورڈ کے کسی بھی امتحان میں اپنے طلبہ کو داخلہ نہیں دے سکیں گے۔
محکمہ تعلیم کے مطابق خیبر پختونخوا پرائیویٹ اسکولز ریگولیٹری اتھارٹی ایکٹ کے تحت اسکولوں کی رجسٹریشن لازمی ہے اور صوبے میں اس وقت 11 ہزار 887 نجی اسکول رجسٹرڈ ہیں۔
مراسلے میں کہا گیا کہ غیر رجسٹرڈ اسکول نہ تو قانونی طور پر کھولے جا سکتے ہیں اور نہ ہی چلائے جا سکتے ہیں۔
محکمہ تعلیم نے اس اقدام کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ غیر رجسٹرڈ اسکولوں کی وجہ سے بچوں کی درست تعداد اور تعلیمی ڈیٹا کا پتہ لگانا مشکل ہو رہا ہے، جس سے تعلیمی منصوبہ بندی متاثر ہوتی ہے۔
اس لیے تمام نجی اسکولوں کے لیے لازمی ہے کہ وہ ریگولیٹری اتھارٹی میں رجسٹریشن کروائیں تاکہ طلبہ کی تعلیمی سرگرمیوں کا باقاعدہ اور شفاف ریکارڈ رکھا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں : پی آئی اے نے ریٹائرڈ ملازمین کے لیے نئے احکامات جاری کر دیے
ذرائع کا کہنا ہے کہ رجسٹریشن کے بغیر چلنے والے اسکولوں کے خلاف محکمہ تعلیم قانونی کارروائی بھی کر سکتا ہے، اور طلبہ کو بورڈ امتحانات میں داخلہ دینے سے روک دیا جائے گا۔
اس اقدام کا مقصد صوبے میں نجی تعلیمی اداروں کی نگرانی کو مضبوط کرنا اور طلبہ کے تعلیمی معیار کو یقینی بنانا ہے۔
محکمہ تعلیم نے والدین اور اسکول انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ وہ بروقت رجسٹریشن کروائیں تاکہ بچوں کی تعلیم پر کوئی منفی اثر نہ پڑے۔





