خیبر پختونخوا کیلئے ایک ساتھ کئی خوشخبریاں، اجلاس میں اہم اعلانات

پشاور: خیبر پختونخوا میں صوبے کی مجموعی امن و امان کی صورتحال، مالی چیلنجز اور کھیلوں سے متعلق ایک اعلیٰ سطح اجلاس منعقد ہوا، جس میں وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی، وفاقی حکومت کے نمائندے اور سینئر سول و عسکری قیادت نے شرکت کی۔ اجلاس میں مختلف شعبوں کے امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور اہم فیصلے کیے گئے۔

اجلاس میں معیشت اور لاء اینڈ آرڈر کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے۔ شفیع جان کے مطابق متاثرہ علاقوں میں امن و امان بہتر ہوتے ہی سروسز سول انتظامیہ کے حوالے کی جائیں گی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ پشاور اور خیبر پختونخوا کے لیے بڑی خوشخبری ہے کہ پی ایس ایل کے میچز اس بار پشاور میں ہوں گے۔

یہ پہلا موقع ہوگا کہ پی ایس ایل کی تاریخ میں عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم میں میچز کی میزبانی کرے گا۔ شفیع جان نے یہ بھی کہا کہ پی ایس ایل کے روڈ شوز صوبے کے مختلف شہروں میں منعقد ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں : غیر رجسٹرڈ نجی اسکولوں کے حوالے سے بڑا فیصلہ سامنے آ گیا

مزمل اسلم نے اجلاس کے دوران صوبے کے مالی مسائل تفصیل سے زیر بحث آنے کی تصدیق کی۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کے سامنے صوبے کو درپیش مالی مشکلات اور مالی ایشوز دوبارہ پیش کیے گئے۔

انہوں نے واضح کیا کہ اگر خیبر پختونخوا کو این ایف سی کا واجب الادا حصہ مل جائے تو کئی بڑے مالی مسائل حل ہو سکتے ہیں۔

مزمل اسلم کے مطابق کم وفاقی فنڈز کے باوجود خیبر پختونخوا مرج اضلاع میں اپنی ذمہ داریاں جاری رکھے ہوئے ہے، تاہم موجودہ مالی وسائل ناکافی ہیں۔

اجلاس میں آئندہ مالی مسائل کے حل کے لیے تجاویز بھی دی گئیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبے کی سفارشات وفاقی حکومت کے ساتھ لے کر بیٹھا جائے گا اور وفاق کے تعاون سے زیادہ سے زیادہ مالی ریلیف دلانے کی کوشش کی جائے گی۔

مزمل اسلم نے متاثرہ علاقوں میں آپریشنز کے باعث مارکیٹ بندش اور روزگار کے متبادل انتظامات پر بھی بات کی۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ وفاق اور صوبہ مل کر متاثرہ علاقوں کے مالی نقصانات کا ازالہ کریں گے۔

آفتاب عالم نے اجلاس میں کیے گئے امن و امان سے متعلق فیصلوں کی تفصیل بیان کرتے ہوئے کہا کہ پورے خیبر پختونخوا، خصوصاً ملاکنڈ ڈویژن کے لیے بڑی خوشخبری سامنے آئی ہے۔

ملاکنڈ ڈویژن میں پاک فوج اپنی ذمہ داریاں صوبائی پولیس، سی ٹی ڈی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حوالے کرے گی۔

یہ بھی پڑھیں : بیرون ملک پاکستانیوں نے کتنی بڑی رقم وطن بھیجی؟ تازہ رپورٹ جاری

آفتاب عالم کے مطابق امن کی بحالی صوبائی حکومت، سول انتظامیہ اور عسکری قیادت کی بڑی کامیابی ہے اور یہ فیصلہ خیبر پختونخوا پولیس پر اعتماد کے اظہار کا واضح ثبوت بھی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کے اسٹیک ہولڈرز اور قبائلی مشران کا اجلاس بلا کر انہیں اعتماد میں لیا جائے گا، اور سول و عسکری قیادت ان کی سفارشات پر عمل درآمد یقینی بنائے گی۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ صوبائی ایپکس کمیٹی میں طے پانے والے فیصلوں کو نیشنل ایپکس کمیٹی کے سامنے پیش کیا جائے گا تاکہ صوبائی فیصلوں کی توثیق کی جا سکے۔

آفتاب عالم کے مطابق یہ پیش رفت خیبر پختونخوا حکومت اور عوام کے لیے ایک بڑی کامیابی اور خوشخبری ہے۔

Scroll to Top