خیبر پختونخوا میں نگران دور میں بھرتی 10ہزار ملازمین کی برطرفی کیخلاف صوبائی اسمبلی میں تحریک التوا جمع کرا دی گئی ۔
تحریک التواء پیپلز پارٹی کے ممبر صوبائی اسمبلی احمد کنڈی کی جانب سے جمع کرائی گئی جس میں کہا گیا کہ نگران دور حکومت میں 10 ہزار سے زائد ملازمین بھرتی ہوئے لیکن موجودہ صوبائی حکومت نے ملازمین کی برطرفی کی متنازعہ کارروائی شروع کر دی ہے۔
تحریک التواء کے متن میں مزید کہا گیا ہے کہ ملازمین کو غیر قانونی طور پر بھرتی کرنے والے سرکاری حکام کے خلاف تاحال کوئی کاروائی نہیں کی گئی جس کی بناء پر صوبائی حکومت کے اس فیصلے پر تحفظات ظاہر کئے جارہے ہیں اور اس کو انصاف کے منافی قرار دیا جا رہا ہے۔
تحریک التواء میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ اسمبلی کی معمول کی کارروائی روک کر اس مسئلے پر تفصیلی بحث کے اس تحریک التوا کو منظور کیا جائے تاکہ اس موضوع پر مفصل اور سنجیدہ بحث ہو سکے۔