ایبٹ آباد ۔ گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی (جی ڈی اے) نے شدید برفباری کے باعث مختلف سیاحتی مقامات پر پھنسے ہوئے سیاحوں کو ریسکیو کرنے کے لیے خصوصی آپریشن شروع کر دیا ہے۔
ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے شاہ روخ علی کے مطابق یسکیو ٹیمیں برفباری سے متاثرہ علاقوں میں فوری امدادی کارروائیاں کر رہی ہیں اور پھنسے ہوئے افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔
جی ڈی اے کے مطابق سیاحوں کو خوراک، گرم کپڑے اور دیگر ضروری امدادی سامان فراہم کیا جا رہا ہے، جبکہ برف ہٹانے کے لیے مشینری مسلسل کام میں مصروف ہے تاکہ سڑکوں کو جلد از جلد بحال کیا جا سکے۔
ڈائریکٹر جنرل شاہ روخ علی نے سیاحوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ موسم کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے سفر کریں اور غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں۔
جی ڈی اے نے ریسکیو آپریشن کے لیے خصوصی کنٹرول روم قائم کر دیا ہے، جہاں سے امدادی کارروائیوں کی نگرانی کی جا رہی ہے۔ مزید برآں، مختلف سیاحتی مقامات پر اضافی عملہ تعینات کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری مدد فراہم کی جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: لینڈ سلائیڈنگ کے باعث قراقرم ہائی وے متعدد مقامات پر بند
ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے نے سیاحوں کو ہدایت کی ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں جی ڈی اے کی ریسکیو ٹیموں سے فوری رابطہ کریں تاکہ بروقت امداد فراہم کی جا سکے۔