بنگلہ دیش انتخابات،90سے زائد نشستوں کے غیرحتمی اور غیرسرکاری نتائج موصول

بنگلہ دیش کے حالیہ پارلیمانی انتخابات کے ابتدائی اور غیر حتمی نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں، جن میں چند بڑی سیاسی جماعتیں برتری حاصل کرتی دکھائی دے رہی ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) نے ابتدائی نتائج میں 68 نشستیں حاصل کی ہیں جبکہ جماعتِ اسلامی 20 سیٹیں جیت چکی ہے۔ مزید برآں نیشنل سٹیزن پارٹی (این سی پی) اب تک 2 نشستوں پر کامیاب قرار پائی ہے۔

ملک میں 13ویں عام انتخابات کے ساتھ ساتھ جولائی نیشنل چارٹر سے متعلق آئینی اصلاحات پر قومی ریفرنڈم بھی منعقد کیا گیا۔ ووٹنگ کا آغاز جمعرات کی صبح 7:30 بجے ہوا اور مقررہ وقت کے اختتام کے بعد ووٹوں کی گنتی کا عمل شروع کر دیا گیا۔

ابتدائی اوقات میں بعض پولنگ اسٹیشنز پر ووٹرز کی لمبی قطاریں دیکھنے میں آئیں، جو عوامی دلچسپی کی عکاسی کرتی ہیں۔ دارالحکومت ڈھاکہ سمیت کئی علاقوں میں پولنگ کا عمل مجموعی طور پر پُرامن رپورٹ ہوا۔ انتخابی حکام کے مطابق ملک بھر میں قائم 36 ہزار سے زائد پولنگ اسٹیشنز پر تقریباً 48 فیصد ووٹرز نے حقِ رائے دہی استعمال کیا۔

شیرپور-3 کے حلقے میں ایک امیدوار کے انتقال کے باعث ووٹنگ ملتوی کر دی گئی، جس کے باعث 300 میں سے 299 حلقوں میں انتخابی عمل مکمل ہوا۔

Scroll to Top