خلیجی ملک عمان زلزلے کے جھٹکوں سے لرز اٹھا

خلیجی ملک عمان میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس سے مختلف علاقوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سلطان قابوس یونیورسٹی کے ارتھ کوئیک مانیٹرنگ سینٹر نے بتایا کہ پہلا زلزلہ مقامی وقت کے مطابق دوپہر 3 بج کر 8 منٹ پر ریکارڈ ہوا اور اس کی شدت 5.2 نوٹ کی گئی۔

زلزلے کا مرکز شمالی شہر خَصب سے تقریباً 386 کلومیٹر شمال مغرب میں عربین گلف کے سمندری علاقے میں تھاجبکہ اس کی گہرائی لگ بھگ 10 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔ ماہرین کے مطابق کم گہرائی کے باعث ایسے جھٹکے زیادہ شدت سے محسوس ہو سکتے ہیں۔

اسی روز ایک اور زلزلہ بھی ریکارڈ کیا گیا جس کا مرکز سُور سے تقریباً 804 کلومیٹر شمال مشرق میں واقع تھا اور اس کی گہرائی بھی 10 کلومیٹر بتائی گئی۔

اطلاعات کے مطابق ان جھٹکوں کی شدت بلوچستان کے بعض علاقوں تک بھی محسوس کی گئی، تاہم کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی فوری اطلاع نہیں ملی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ دونوں زلزلوں کے مراکز سمندر میں اور آبادی سے کافی فاصلے پر تھے، جس کی وجہ سے بڑے نقصان سے بچاؤ ممکن ہوا۔

حکام نے شہریوں کو افواہوں سے گریز کرنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متعلقہ اداروں کی ہدایات پر عمل کرنے کی تلقین کی ہے۔ فی الحال آفٹر شاک یا سونامی سے متعلق کوئی وارننگ جاری نہیں کی گئی۔

ارضیاتی ماہرین کے مطابق جزیرہ نما عرب عربین اور یوریشین ٹیکٹونک پلیٹس کے قریب واقع ہے، اسی پلیٹوں کی حرکت کے باعث خطے میں وقتاً فوقتاً زلزلے آتے رہتے ہیں۔

Scroll to Top