عمران خان کےمقدمات سپریم کورٹ میں سماعت کے لیے مقرر

سپریم کورٹ آف پاکستان نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے 6 مقدمات سمیت بشریٰ بی بی اور شاہ محمود قریشی کے ایک، ایک کیس کو سماعت کے لیے مقرر کر دیا ہے۔

رجسٹرار آفس کی جانب سے جاری روسٹر کے مطابق مقدمات کی سماعت کے لیے جسٹس محمد ہاشم خان کاکڑ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ تشکیل دیا گیا ہے، جس میں جسٹس صلاح الدین پنہور اور جسٹس اشتیاق ابراہیم بھی شامل ہیں۔ کیسز کی سماعت 18 فروری کو ہوگی۔

سماعت کے لیے مقرر کیے گئے مقدمات میں توشہ خانہ فوجداری کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف سزا معطلی کی درخواست بھی شامل ہے۔ اس کے علاوہ عمران خان کی ضمانت کے خلاف پنجاب حکومت کی اپیل اور بشریٰ بی بی کی ضمانت کے معاملے پر بھی سرکاری اپیل سماعت کے لیے لگائی گئی ہے۔

مزید برآں، سائفر کیس میں عمران خان اور شاہ محمود قریشی کی بریت کے خلاف اپیل، 9 مئی لاہور سے متعلق مقدمات میں ضمانت کے خلاف دائر درخواستیں، اور ہتک عزت کے کیس میں شہباز شریف کے خلاف عمران خان کی اپیلوں کو سماعت کے لیے مقرر کیا گیا ہے۔

Scroll to Top