وفاقی حکومت نے اوورسیز پاکستانیوں کے لئے بڑا اعلان کردیا

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے بڑے اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے مراعاتی پیکج متعارف کرا دیا ہے، جبکہ نمایاں خدمات انجام دینے والے اوورسیز پاکستانیوں کو سول اعزازات دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

حکومتی اعلامیے کے مطابق دنیا بھر میں مقیم ممتاز پاکستانیوں کو ان کی قومی خدمات کے اعتراف میں سول ایوارڈز سے نوازا جائے گا۔

یہ اعزازات مارچ 2026 میں یومِ پاکستان کی مرکزی تقریب کے موقع پر دیے جائیں گے، جس میں مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات کو مدعو کیا جائے گا۔

حکومت کی جانب سے اوورسیز پاکستانیوں اور ان کے اہلِ خانہ کے لیے ایک جامع مراعاتی پیکج بھی متعارف کرایا گیا ہے۔

اس پیکج کا مقصد بیرونِ ملک پاکستانیوں کو ریاستی سطح پر سہولتیں فراہم کرنا اور انہیں قومی دھارے سے مزید مضبوطی سے جوڑنا بتایا گیا ہے۔

مراعاتی اسکیم میں جدید سیکیورٹی فیچرز سے آراستہ نیکسٹ جنریشن ممبرشپ کارڈ شامل ہوگا، جس کے ذریعے مختلف سرکاری اور نجی خدمات تک رسائی آسان بنائی جائے گی۔

حکام کے مطابق یہ کارڈ شناختی اور سہولتی نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی جانب اہم قدم ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں : نوشہرہ ،پولیس افسران کے تبادلے

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پیکج کے تحت تارکینِ وطن کو سرمایہ کاری، جائیداد، بینکاری، تعلیم اور دیگر شعبوں میں خصوصی سہولتیں فراہم کرنے کے لیے متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کی جا رہی ہیں۔

حکومت کا کہنا ہے کہ اوورسیز پاکستانی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور ان کی خدمات کے اعتراف اور مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

مزید تفصیلات اور طریقہ کار جلد جاری کیے جائیں گے، جبکہ متعلقہ وزارتیں پیکج پر عملدرآمد کے لیے قواعد و ضوابط کو حتمی شکل دے رہی ہیں۔

Scroll to Top