باجوڑکے مستحقین کی زندگی آسان بنانے کے لیے ہلال احمر کا بڑا اقدام

شاہد جان

پشاور: ہلال احمر پاکستان نے ضلع باجوڑ میں جاری انسانی ہمدردی کی سرگرمیوں کو اجاگر کرنے کے لیے پشاور میں میڈیا انگیجمنٹ سیشن کا انعقاد کیا۔

اس سیشن کا اہتمام ہلال احمر کے نیشنل ہیڈکوارٹرز نے ضم شدہ اضلاع برانچ کے تعاون سے کیا، جس میں پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا سے تعلق رکھنے والے صحافیوں نے شرکت کی۔

تقریب کا مقصد باجوڑ میں جاری امدادی منصوبوں سے متعلق میڈیا کو تفصیلی آگاہی فراہم کرنا، باہمی روابط کو مضبوط بنانا اور انسانی ہمدردی کی سرگرمیوں سے متعلق عوامی شعور میں اضافہ کرنا تھا۔ یہ پروگرام نارویجن ریڈ کراس اور یورپی یونین کے تعاون سے منعقد کیا گیا۔

اجلاس کے دوران شرکاء کو صحت، صاف پانی کی فراہمی، صفائی و حفظانِ صحت اور نقد امداد سے متعلق جاری منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔

یہ بھی پڑھیں : باجوڑ میں منشیات فروشوں کے خلاف بڑا ایکشن، 34 پولیس اہلکار معطل

حکام کے مطابق ان اقدامات کا مقصد ضم شدہ اضلاع خصوصاً باجوڑ کے مستحق اور کمزور طبقات کو بروقت اور مؤثر امداد فراہم کرنا ہے تاکہ ان کی بنیادی ضروریات پوری کی جا سکیں۔

چیئرمین ہلال احمر پاکستان ضم شدہ اضلاع برانچ ایڈووکیٹ عمران وزیر اور چیئرمین ہلال احمر پاکستان خیبر پختونخوا برانچ فرزند علی وزیر نے اپنے خطاب میں انسانی خدمات کے فروغ میں میڈیا کے کردار کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ صحافی برادری متاثرہ افراد کے مسائل کو اجاگر کرنے اور ان کی آواز متعلقہ اداروں تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ میڈیا آئندہ بھی فلاحی سرگرمیوں کو عوام تک پہنچانے میں تعاون جاری رکھے گا۔

ہلال احمر پاکستان کے میڈیا اینڈ کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ کے نمائندوں نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ ڈپٹی ڈائریکٹر میڈیا اینڈ کمیونیکیشن شیر زمان نے تنظیم کی تاریخ، خدمات اور ریڈ کراس و ریڈ کریسنٹ موومنٹ کے بنیادی اصولوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے غیر جانبداری، انسانیت اور رضاکارانہ خدمات کے اصولوں کو تنظیم کی بنیاد قرار دیا۔

بعد ازاں ضم شدہ اضلاع برانچ کے پروگرام مینیجر امجد سہیل نے باجوڑ میں جاری منصوبوں کے دائرہ کار، اثرات اور مستقبل کے لائحہ عمل پر جامع بریفنگ دی۔

یہ بھی پڑھیں : وفاقی حکومت نے اوورسیز پاکستانیوں کے لئے بڑا اعلان کردیا

انہوں نے بتایا کہ ان منصوبوں کے ذریعے علاقے میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی اور مستحق خاندانوں کی معاونت کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

اجلاس کے اختتام پر سوال و جواب کا سیشن بھی منعقد ہوا جس میں صحافیوں نے مختلف امور پر سوالات کیے اور تجاویز پیش کیں۔

شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ انسانی ہمدردی کی سرگرمیوں کو مؤثر انداز میں اجاگر کرتے رہیں گے تاکہ ضرورت مند خاندانوں کی آواز مزید مضبوط ہو سکے۔

Scroll to Top