پشاور : انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے آج کمپاؤنڈ ملٹری ہسپتال پشاور کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے گزشتہ روز گاؤں ڈیری کئی خیل نوشہرہ میں دہشتگردوں کے ساتھ مقابلے میں زخمی ہونے والے اے ایس آئی خان شیر کی عیادت کی۔
آئی جی پی نے زخمی اہلکار کے بستر پر جا کر اُن کی خیریت دریافت کی، پھولوں کا گلدستہ پیش کیا اور ان کا حوصلہ بڑھایا۔
اس موقع پر آئی جی پی نے ڈاکٹروں سے اے ایس آئی خان شیر کو اب تک فراہم کردہ علاج معالجے کے بارے میں تفصیل سے دریافت کیا۔
ذوالفقار حمید نے اس موقع پر کہا کہ زخمی پولیس اہلکار پولیس فورس کا قیمتی اثاثہ ہیں اور ان کے بہترین علاج معالجے میں کسی قسم کی کمی برداشت نہیں کی جائے گی۔
آئی جی پی نے ہسپتال میں موجود زخمی اہلکار کے لواحقین سے بھی ملاقات کی اور انہیں پولیس کی جانب سے ہر ممکن تعاون اور سہولت فراہم کرنے کا یقین دلایا۔
یہ بھی پڑھیں : پشاور پولیس کی کامیاب کاروائی، دو مشہور بدنام زمانہ سنیچرز ہلاک
اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی ہیڈکوارٹرز عباس احسن، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی جواد قمر، ایس ایس پی سی ٹی ڈی نجم الحسنین، اور ڈی پی او نوشہرہ احمد شاہ بھی آئی جی کے ہمراہ تھے۔
اس اقدام سے پولیس فورس کے حوصلے میں اضافہ ہونے کے ساتھ ہی عوام میں یہ پیغام بھی گیا کہ حکومت اور پولیس انتظامیہ زخمی اور مستحق اہلکاروں کے ساتھ کھڑی ہے، اور کسی بھی قربانی کو نظر انداز نہیں کیا جائے گا۔





