موٹروے بندش سے عوام یرغمال، روزگار تباہ، اپوزیشن لیڈر کا پی ٹی آئی احتجاج پر سخت ردعمل

خیبرپختونخوا اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر عباداللہ خان نے موٹروے کی بندش اور پی ٹی آئی کے احتجاج پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

ڈاکٹر عباداللہ خان نے کہا کہ عوام کا جینا دوبھر ہو چکا ہے اور احتجاج کے نام پر انہیں یرغمال بنایا جا رہا ہے، جو ناقابلِ برداشت ہے۔

ڈاکٹر عباداللہ خان نے کہا کہ پی ٹی آئی ایک فتنہ بن چکی ہے، جس سے ملک کو نجات دلانا ضروری ہے، جس صوبے نے مینڈیٹ دیا، اُسی عوام کو بار بار مشکلات میں دھکیلا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ فلائٹس کینسل ہو رہی ہیں، کاروبار ٹھپ ہو رہا ہے اور مزدور اپنی دیہاڑی سے محروم ہو رہے ہیں، سڑکوں کی بندش سے روزگار تباہ اور معیشت کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے جبکہ چھوٹے تاجر اور محنت کش طبقہ سب سے زیادہ متاثر ہو رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایمبولینسوں میں مریض جان کی بازی ہار رہے ہیں، یہ کھلی بے حسی ہے۔ ریاست فوری طور پر قانون کے مطابق کارروائی کرے اور عوام کو ریلیف دے۔

ڈاکٹر عباداللہ خان نے کہا کہ کبھی اِدھر دھرنا، کبھی اُدھر دھرنا عوام کو مسلسل بے وقوف بنایا جا رہا ہے۔ عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے اور اب مزید انتشار برداشت نہیں ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: سوال برداشت نہ ہوا، پی ٹی آئی ایم پی اے طارق آریانی کا صحافی پر حملہ

اپوزیشن لیڈر خیبرپختونخوا اسمبلی ڈاکٹر عباد اللہ خان نے مزید کہا کہ قومی شاہراہیں بند کرنا عوام دشمنی ہے، سیاست نہیں، اور عوام دشمن سیاست مزید برداشت نہیں کی جائے گی۔

Scroll to Top