پشاور: وفاقی ادارہ ریونیو (ایف بی آر) نے صوبے میں موٹر سائیکل اور گاڑیوں کی منفرد نمبر پلیٹس حاصل کرنے والے افراد اور کمپنیوں کی تفصیلات طلب کر لی ہیں۔
یہ اقدام اس مقصد کے تحت کیا گیا ہے کہ ٹیکس ریکارڈ کی جانچ پڑتال کی جا سکے اور کم ٹیکس جمع کرنے والے بڑے کاروباری افراد کو ٹیکس نیٹ ورک میں شامل کیا جا سکے۔
ذرائع کے مطابق ایکسائز ڈیپارٹمنٹ نے منفرد نمبر پلیٹس کی نیلامی کے ذریعے کروڑوں روپے حاصل کیے ہیں، جس میں ہر منفرد نمبر ایک کروڑ روپے یا اس سے زائد میں فروخت ہوا۔
ایف بی آر نے اب ان مخصوص نمبروں کے مالکان کے ٹیکس ریکارڈ حاصل کرنے کے لیے کارروائی شروع کر دی ہے۔ زیادہ تر مالکان بڑے کاروباری افراد اور ٹیکس جمع کرنے والی کمپنیوں سے تعلق رکھتے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ صوبائی محکموں نے بھی اس سلسلے میں مختلف کمپنیوں کا ریکارڈ ایکسائز ڈیپارٹمنٹ سے طلب کیا ہے تاکہ ٹیکس کے حوالے سے مکمل معلومات حاصل کی جا سکیں۔
اس اقدام سے توقع کی جا رہی ہے کہ صوبے کے ہزاروں افراد ٹیکس نیٹ ورک میں شامل ہوں گے، کیونکہ بعض بڑے کاروباری افراد اب تک کم ٹیکس جمع کر رہے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس مہم سے ٹیکس وصولیوں میں اضافہ ہوگا اور ٹیکس نیٹ ورک مزید مضبوط ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں : پشاور میں من پسند نمبر پلیٹس کی حوالگی، کون کس نمبر کا مالک بنا؟
یاد رہے کہ ڈائریکٹوریٹ جنرل ایکسائز، ٹیکسیشن اور نارکوٹکس کنٹرول خیبر پختونخوا کے زیر اہتمام جمعہ کے روز پشاور میں من پسند نمبر پلیٹس کی حوالگی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔
تقریب میں صوبائی وزیر ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول سید فخر جہان بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئے جبکہ ڈائریکٹر جنرل ایکسائز عبدالحلیم خان، محکمہ کے ڈائریکٹرز، افسران اور نمبر پلیٹس کے مالکان بھی موجود تھے۔
اس موقع پر پشاور 1، ہری پور 1 اور درانی 1 نمبر پلیٹس کے مالکان نے اپنی پلیٹس وصول کیں، جب کہ وزیر 1 اوریوسفزئی 1 کے نمبر پلیٹس بھی باضابطہ طور پر مالکان کے نمائندوں کو فراہم کی گئیں۔
صوبائی وزیر سید فخر جہان نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ یہ نیلامی ریکارڈ سطح پر شفافیت اور عوام دوست نظام کی عکاس ہے۔
انہوں نے کہا کہ من پسند نمبر پلیٹس کے ذریعے شہری اپنی پسند کے نمبر قانونی اور محفوظ طریقے سے حاصل کر سکتے ہیں، جس سے نہ صرف سہولت کاری میں اضافہ ہوتا ہے بلکہ محکمہ ایکسائز کے نظام پر عوام کا اعتماد بھی مضبوط ہوتا ہے۔
صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ جاری اصلاحاتی اقدامات کے نتیجے میں محکمہ ایکسائز کی خدمات تیز، مؤثر اور شفاف بنائی جا رہی ہیں اور اسی وجہ سے شہری بڑھ چڑھ کر ان نیلامیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ مستقبل میں من پسند نمبر پلیٹس کی دوسری نیلامی بھی کامیابی سے منعقد کی جائے گی۔





