پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ کا کرایوں میں 3فیصداضافے کا اعلان

پشاور: پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی حالیہ قیمتوں میں اضافے کے بعد گڈز ٹرانسپورٹ کرایوں میں 3 فیصد اضافہ کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

یہ فیصلہ ملک بھر میں مال برداری کے نرخوں پر نافذ کیا جائے گا۔ یہ اعلان صدر پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس ملک شہزاد اعوان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ ایندھن کی بڑھتی ہوئی قیمتیں ٹرانسپورٹ سیکٹر کے اخراجات میں براہِ راست اضافہ کر رہی ہیں، اور اسی وجہ سے گڈز ٹرانسپورٹ کرایے بڑھانا ناگزیر ہو گیا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ یہ اضافہ شوقاً نہیں بلکہ مجبوری کے طور پر کیا جا رہا ہے، کیونکہ ایندھن، ٹول ٹیکس اور دیگر ضروری اخراجات مسلسل بڑھ رہے ہیں۔

صدر الائنس نے حکومتی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پہلے ہونے والے مذاکرات اور معاہدوں پر اب تک عملدرآمد نہیں ہوا۔

انہوں نے بتایا کہ ملک گیر ہڑتال کے دوران وفاقی وزیر پورٹ اینڈ شپنگ اور وزیر مواصلات کی جانب سے کیے گئے وعدے ابھی تک پورے نہیں ہوئے، جبکہ پنجاب حکومت کے سطح پر کیے گئے اعلانات بھی عملی شکل اختیار نہیں کر سکے۔

ملک شہزاد اعوان نے خبردار کیا کہ اگر مطالبات پر فوری پیش رفت نہ ہوئی تو ٹرانسپورٹرز دوبارہ ملک گیر پرامن ہڑتال پر جا سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : دھرنا کب تک جاری رہے گا؟ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا بڑا اعلان

ٹرانسپورٹ سیکٹر سے وابستہ افراد نے بتایا کہ کرایوں میں یہ اضافہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر بھی اثر ڈال سکتا ہے، جس سے عام شہری مزید مہنگائی کے بوجھ تلے دب سکتے ہیں۔

اقتصادی ماہرین کا بھی کہنا ہے کہ ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں اضافہ براہِ راست صارفین کے لیے قیمتوں میں اضافے کا سبب بن سکتا ہے۔

یہ اقدام ٹرانسپورٹرز کے لیے ایک آخری متبادل کے طور پر دیکھا جا رہا ہے تاکہ کاروباری اخراجات کو پورا کیا جا سکے اور ٹرانسپورٹ سیکٹر میں مالی دباؤ کم کیا جا سکے۔

Scroll to Top