راولپنڈی: کراچی سے سوات جانے والی مسافر بس موٹر وے پر نیلہ دولہ کے قریب حادثہ کا شکار ہوگئی۔
جس کے نتیجے میں ایک بچی اور خاتون سمیت 8افراد جاں بحق اور 15 زخمی ہوگئے۔ موٹروے حکام کے مطابق مسافر بس میں 43 مسافر سوار تھے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی سے سوات جانے والی مسافر بس موٹر وے ایم ٹو پر نیلہ دولہ کے قریب پہنچی تو ڈرائیور سے بے قابو ہوکر سڑک کے کنارے کو عبور کرتی ہوئی گہرائی میں الٹ گئی جس کے باعث مسافر بس میں پھنس گئے۔
حادثے میں ایک بچی، ایک خاتون اور تین مرد مسافروں سمیت پانچ مسافر موقع پر دم توڑ گئے جبکہ تین شدید زخمیوں سمیت 18 زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرکے قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا جہاں شدید زخمی تین مرد مسافر بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔
موٹر وے پولیس حکام کا کہنا تھا کہ گلاب کوچ نان اے سی مسافر بس تھی جو کراچی سے سوات جا رہی تھی ۔ 15 زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرکے ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کر دیا گیا اور مزید کارروائی جاری ہے۔