اوگرا نے ایل پی جی کی فی کلو قیمت میں 6 روپے 15 پیسے کی کمی کر دی ہے جس کے بعد ایل پی جی کی فی کلو نئی قیمت 247 روپے 82 پیسے مقرر کی گئی ہے۔
اس کے ساتھ ہی ایل پی جی کے گھریلو سلنڈر کی قیمت میں 72 روپے 57 پیسے کی کمی کی گئی ہے، اور 11.8 کلوگرام کے گھریلو سلنڈر کی نئی قیمت 2 ہزار 924 روپے 31 پیسے مقرر کی گئی ہے۔ اوگرا نے مارچ کے لیے قیمتوں میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
دوسری جانب، ملک میں تیل و گیس کی پیداوار میں ہفتہ وار بنیادوں پر کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ پی پی آئی ایس اور انڈسٹری کے اعداد و شمار کے مطابق، 21 فروری کو ختم ہونے والے ہفتے میں خام تیل کی اوسط یومیہ پیداوار 60,511 بیرل ریکارڈ کی گئی جو کہ پچھلے ہفتے کے مقابلے میں ایک فیصد کم ہے۔ اس سے قبل پچھلے ہفتے میں خام تیل کی اوسط یومیہ پیداوار 61,345 بیرل تھی۔
یہ بھی پڑھیں پیٹرول پمپس ڈیلرز ایسوسی ایشن کا ملک بھر میں پٹرول پمپ بند کرنے کا اعلان
اسی طرح، 21 فروری کو ختم ہونے والے ہفتے میں ملک میں گیس کی اوسط یومیہ پیداوار 2,644 ایم ایم سی ایف ڈی ریکارڈ کی گئی، جو پچھلے ہفتے کے مقابلے میں تین فیصد کم ہے، کیونکہ پچھلے ہفتے گیس کی اوسط یومیہ پیداوار 2,716 ایم ایم سی ایف ڈی تھی۔
اعداد و شمار کے مطابق، او جی ڈی سی ایل کی خام تیل کی اوسط یومیہ پیداوار 30,066 بیرل، پی پی ایل کی 8,727 بیرل، ماڑی گیس کی 1,084 بیرل اور پی او ایل کی 3,730 بیرل تھی۔ گیس کی پیداوار میں بھی او جی ڈی سی ایل کی اوسط یومیہ پیداوار 526 ایم ایم سی ایف ڈی، پی پی ایل کی 489 ایم ایم سی ایف ڈی، ماڑی گیس کی 826 ایم ایم سی ایف ڈی اور پی او ایل کی 43 ایم ایم سی ایف ڈی ریکارڈ کی گئی۔