کرک میں انسانیت کے دشمنوں کی بدترین سفاکیت، فرنٹیئر کانسٹیبلری کی ایمبولینس پر بزدلانہ حملہ، 3 اہلکار شہید

ضلع کرک کے علاقے بہادر خیل میں دہشت گردوں نے بربریت کی تمام حدیں پار کر دیں جہاں نہ صرف ایف سی قلعے کو ڈرون حملے کا نشانہ بنایا گیا بلکہ زخمیوں کو بچانے والی ایمبولینسوں کو بھی نشانہ بنایا۔

اس دوہرے حملے کے نتیجے میں 3 اہلکار شہید جبکہ متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔

حکام کے مطابق پولیس تھانہ خرم محمد زئی کی حدود میں واقع درگہ شہیدان کے قریب فرنٹیئر کانسٹیبلری(ایف سی )کے قلعے پر فتنہ خوارج نے کواڈ کاپٹر ڈرون سے بزدلانہ حملہ کیاجس کے نتیجے میں 5 اہلکار زخمی ہوئے۔

جب ان زخمیوں کو ایمبولینس کے ذریعے ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا تو راستے میں گھات لگائے دہشت گردوں نے ایمبولینس پر دوسرا ڈرون حملہ کیا جس سے ایمبولینس میں آگ لگ گئی۔

حملے کے نتیجے میں 3 اہلکار موقع پر ہی شہید ہو گئے جبکہ دیگر شدید جھلس گئے۔ بزدل دہشت گردوں نے امدادی کارروائیوں میں مصروف ریسکیو 1122 کے عملے کو بھی نشانہ بنایا۔

واقعے کے فوراً بعد مزید زخمیوں کو خلیفہ گل نواز ہسپتال بنوں منتقل کر دیا گیا ہے۔

قانون نافذ کرنے والے اداوں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔

Scroll to Top