مین اسٹریم میڈیا اور متعدد ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر کوہاٹ میں قتل ہونے والی ڈاکٹر مہوش حسنین کی تصویر کے طور پر مسلم لیگ (ن) کی رکن صوبائی اسمبلی جمیلہ پراچہ کی تصویر کا غلط استعمال کیا جا رہا ہے۔
پختون ڈیجیٹل کی تحقیقات کے مطابق یہ دعویٰ بالکل غلط اور بے بنیاد ہے۔
اتوار کے روز کوہاٹ ڈسٹرکٹ ہسپتال میں ڈیوٹی کے بعد گھر واپسی پر نامعلوم افراد نے ڈاکٹر مہوش حسنین کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔ اس لرزہ خیز قتل کے خلاف ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن اور سماجی حلقوں کی جانب سے شدید احتجاج کیا گیا اور ضلع بھر میں طبی سہولیات کی فراہمی معطل کر دی گئی۔
واقعہ کی کوریج کے دوران اے آر وائی نیوز، ایکسپریس نیوز ، ڈائیلاگ پاکستان اور کئی دیگر بڑے میڈیا ہاؤسز نے ن لیگ کی ایم پی اے جمیلہ پراچہ کی ایک تصویر کو مقتولہ ڈاکٹر مہوش کی تصویر بتا کر نشر کیا۔

جمیلہ پراچہ مخصوص نشست پر منتخب رکن خیبرپختونخوا اسمبلی ہیں جن کی تصویر کو مقتولہ ڈاکٹر کے نام سے منسوب کر کے عوامی سطح پر مغالطہ پیدا کیا گیا۔
ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن (YDA) کے مطابق، مقتولہ ڈاکٹر مہوش حسنین کے اہلخانہ نے ان کی کوئی بھی تصویر میڈیا کو جاری نہیں کی ہے۔ ڈاکٹر مہوش سوشل میڈیا پر بھی متحرک نہیں تھیںجس کے باعث ان کی کوئی تصویر دستیاب نہیں تھی۔





