پاکستان بیت المال نے رمضان المبارک میں 50 لاکھ افطار باکسز تقسیم کرنے کا اعلان کردیا ۔
پاکستان بیت المال وزیراعظم کے خصوصی اقدام کے تحت اپنی سب سے بڑی امدادی مہم کے دوران رمضان المبارک میں ملک بھر میں افطار باکسز تقسیم کریگا۔
منیجنگ ڈائر یکٹر پاکستان بیت المال سینیٹر کیپٹن (ر)شاہین خالد بٹ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کے خصوصی اقدام کے تحت اس مہم کے دوران ملک کے پسماندہ اور غریب طبقہ کو پاکستان بیت المال ضلع کی سطح پر تیار کھانے کے پیکٹ تقسیم کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ بیت المال مساجد، یتیم مراکز، خواتین کو بااختیار بنانے کے مراکز، سکولوں اور کھانے کی تقسیم کے لئے دیگر نامزد مقامات کا استعمال کرے گا جبکہ 33 موبائل ٹرک دور دراز علاقوں تک پہنچنے کے لئے مختلف راستوں پر کام کریں گے۔
شاہین خالد بٹ نے مزید کہا کہ بیت المال کے پاس پہلے ہی ضلعی سطح پر ایک وسیع انفراسٹر کچر موجود ہیں اور میری ٹیم نے بروقت ترسیل کو یقینی بنانے کیلئے اس پوری مہم کو باضابطہ بنادیا ہے اور میں خود اس کی نگرانی کررہاہوں ۔