پشاور: ڈاکٹر عباد اللہ نے کہا ہے کہ پاکستان کی آزادی، سرحدی سالمیت اور قومی وقار کے معاملے میں کسی بھی قسم کا سمجھوتہ ناقابل قبول ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ اس مقصد کے لیے پوری قوم اپنی مسلح افواج کے ساتھ متحد اور یک زبان ہے۔
خیبر پختونخوا کی عوام نے بھی اس عزم کا عملی مظاہرہ کیا اور پاک فوج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہونے کا عندیہ دیا۔
صوبے کے مختلف شہروں میں بڑے پیمانے پر ریلیاں نکالی گئیں، جن میں شہریوں نے پاکستان کی مسلح افواج کے حق میں نعرے لگائے اور قومی یکجہتی کا پیغام دیا۔
اسی طرح کراچی اور دیگر بڑے شہروں میں بھی عوام نے پاک فوج کے حق میں ریلیاں نکالیں، جس میں شہریوں نے قومی پرچم اٹھا کر اپنی وفاداری اور حمایت کا اظہار کیا۔
ان مظاہروں میں طلبہ، خواتین اور بزرگ سبھی شریک ہوئے، اور انہوں نے پاکستان سرحدی سالمیت اور قومی وقار کی حفاظت کے لیے اپنی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔
ڈاکٹر عباد اللہ نے آخر میں عوام سے اپیل کی کہ وہ اس قومی عزم کو برقرار رکھیں اور پاکستان کی آزادی اور وقار کی حفاظت میں کسی قسم کی رعایت یا سمجھوتہ نہ کریں۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان کی سرحدوں پر کوئی جارحیت برداشت نہیں ہوگی، فیصل کریم کنڈی
دوسری جانب گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے واضح کیا ہے کہ جنگ افغانستان نے شروع کی ہے، لیکن اس کا اختتام پاکستان کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان نے آج دوبارہ پاکستان پر حملے کیے، اور امریکہ کو سوچنا ہوگا کہ ان کا چھوڑا ہوا اسلحہ پاکستان کے خلاف استعمال ہو رہا ہے۔
گورنر نے مزید بتایا کہ پاکستان نے افغانستان سے دہشت گردی کے ثبوت عالمی فورمز پر پیش کیے ہیں تاکہ دنیا کو اس خطرے سے آگاہ کیا جا سکے۔
فیصل کریم کنڈی نے خبردار کیا کہ اگر افغان طالبان کوئی مؤثر کارروائی نہیں کریں گے تو پاکستان دہشت گردوں کے خلاف خود کارروائی کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ پہلے بھی جارحیت کرنے پر افغان دہشت گردوں کو منہ کی کھانی پڑی تھی، اور آئندہ بھی پاکستان سرحدی دفاع اور قومی سلامتی کے لیے کسی بھی خطرے کو برداشت نہیں کرے گا۔





