پاک فوج کا افغان طالبان کی بلا اشتعال جارحیت کا بھرپور اور مؤثر منہ توڑ جواب، قندھار میں کور ہیڈکوارٹرز تباہ

اسلام آباد: پاک فوج نے افغان طالبان کی بلا اشتعال جارحیت کے خلاف بھرپور اور مؤثر جواب جاری رکھا ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج نے افغانستان کے صوبہ قندھار میں طالبان کے کور ہیڈکوارٹرز کو تباہ کر دیا ہے، جبکہ سرحدی علاقوں میں طالبان کی متعدد اہم پوسٹس بھی مکمل طور پر نشانہ بنائی گئی ہیں۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران پاک فوج نے آرٹلری اور کوارڈ کاپٹرز کا استعمال کیا، جس کے نتیجے میں افغان طالبان کو شدید نقصان پہنچا۔

طالبان نے متعدد اہم پوسٹس پر سفید جھنڈے لہرائے، جو ان کی پسپائی اور پاکستانی افواج کی فیصلہ کن کارروائی کا ثبوت ہے۔

پاک فوج کے ترجمان نے کہا کہ مسلح افواج ملک کے ہر چپے چپے کی حفاظت کے لیے پُرعزم ہیں اور سرحدی سالمیت، قومی وقار اور عوام کی حفاظت میں کسی بھی سمجھوتے کی گنجائش نہیں۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ کارروائی نہ صرف سرحدی تحفظ کے لیے اہم ہے بلکہ افغان طالبان میں خوف پھیلانے اور ان کی پیش قدمی کو روکنے میں بھی مؤثر ہے۔

یہ بھی پڑھیں : اگلے 72 گھنٹے افغان طالبان پر بہت بھاری گزریں گے ، سینیئر صحافی محمد مالک

جبکہ دوسری جانب سینئر صحافی محمد مالک نے کہا ہے کہ اگلے 72 گھنٹے افغان طالبان کے لیے انتہائی مشکل اور بھاری ثابت ہو سکتے ہیں۔

محمد مالک نے نجی ٹی وی پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کچھ ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق اگلے ایک سے دو گھنٹوں کے اندر پاکستان کی جانب سے طالبان کے خلاف فضائی ردعمل متوقع ہے۔

اس کارروائی میں ڈرونز اور فضائیہ کے طیارے استعمال کیے جائیں گے تاکہ طالبان کے اہم ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ اقدام افغان طالبان کی حالیہ جارحیت اور سرحدی خلاف ورزیوں کے جواب میں کیا جا رہا ہے، اور پاکستان نے پہلے بھی سخت فضائی کارروائی اور سرحدی جھڑپوں کے ذریعے اپنی سکیورٹی قائم رکھی ہے۔

حالیہ دنوں میں سرحدی علاقوں میں طالبان کی گولہ باری اور پاکستانی فورسز کے جوابی حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔

Scroll to Top