آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کے 7 سال مکمل، عسکری قیادت کا جوانوں کو خراجِ تحسین

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آپریشن آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کو سات سال مکمل ہونے پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سمیت مسلح افواج کے سربراہان نے خصوصی پیغامات جاری کیے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق عسکری قیادت نے اپنے جوانوں کی جرات، پیشہ ورانہ مہارت اور قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

پیغام میں کہا گیا کہ مسلح افواج ہر قسم کے خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں اور پاک فوج ہر لمحہ مستعد اور چوکس ہے۔

عسکری قیادت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک فوج ملک کے دفاع کو یقینی بناتے ہوئے عالمی استحکام اور امن میں اپنا فعال کردار ادا کرتی رہے گی۔

آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق 27 فروری 2019 کو شروع کیا گیا آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ بھارت کی بلااشتعال جارحیت کا فیصلہ کن جواب تھا۔

بیان میں کہا گیا کہ اس آپریشن نے پاکستان کے اپنی خودمختاری کے تحفظ کے عزم کو ایک بار پھر ثابت کیا اور مسلح افواج کی عملی مہارت اور تیاری کا بھرپور مظاہرہ کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اس کارروائی نے مزید جارحیت کو مؤثر طور پر روکا اور خطے میں اسٹریٹجک توازن بحال کیا۔

Scroll to Top