سلمان علی خان
بنوں: شہر میں رات گئے ہنگامی صورتحال کے پیشِ نظر شہریوں کو فوری طور پر گھروں میں رہنے اور محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی گئی۔
ڈسڑکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) یاسر آفریدی کی ہدایات پر شہر کے تمام تھانہ جات اور ایس ڈی پی اوز کو فوری طور پر الرٹ کر دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق شہر میں دو پولیس چوکیوں پر حالیہ حملوں اور سرحدی کشیدگی کے تناظر میں شہریوں کو ہدایت کی گئی کہ وہ فوری طور پر بازار خالی کریں اور کسی بھی قسم کی گاڑی سڑکوں پر نہ چلائیں۔
شہر میں موجود شہریوں کو گھروں میں رہنے کی تاکید کی گئی اور مسجدوں کے ذریعے بھی محفوظ رہنے کے اعلانات کیے گئے۔
مزید بتایا گیا کہ شہر بھر میں گاڑیوں کی آمد و رفت پر پابندی عائد کر دی گئی ہے، جس میں موٹرسائیکل، چنگچی، زرنج یا کسی بھی قسم کی گاڑی شامل ہے۔
جبکہ دوسری جانب تھانہ بسیہ خیل کی حدود میں کرم ایف سی کیمپ کے مسلح افراد نے اچانک کارروائی کی اور موقع سے اپنی موٹر سائیکلیں چھوڑ کر فرار ہو گئے۔
مقامی پولیس اور فرنٹیئر کور (ایف سی) نے فوری طور پر علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن کا آغاز کیا، جبکہ ملزمان کا تعاقب جاری ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق فرار ہونے والے مسلح افراد ممکنہ طور پر دیگر دہشت گرد عناصر کے ساتھ مل کر مزید کارروائی کرنے کی کوشش کر سکتے ہیں، اس لیے پولیس اور ایف سی نے علاقے میں ہائی الرٹ نافذ کر دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا پولیس کی بروقت کارروائی، پشاور، بنوں اور ہنگو میں دہشت گرد پسپا، عزائم خاک میں ملا دیے
ذرائع نے مزید بتایا کہ شہری محفوظ رہیں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع مقامی پولیس یا ایف سی حکام کو دیں۔
یہ اقدامات شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے کیے جا رہے ہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ جانی یا مالی نقصان سے بچا جا سکے۔
ڈی پی او یاسر آفریدی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ انتظامیہ اور سیکیورٹی اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور جاری ہدایات پر سختی سے عمل درآمد کریں۔
پولیس کے مطابق تمام تھانہ جات ہائی الرٹ پر ہیں اور شہر میں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اہلکار چوکس ہیں۔





