پاکستان کی سکیورٹی فورسز نے افغان طالبان رجیم کی بلااشتعال جارحیت کے جواب میں مؤثر اور فیصلہ کن کارروائیاں جاری رکھیں ہیں۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج نے دشمن کی اشتعال انگیزی کا طاقتور جواب دیتے ہوئے سرحدی علاقوں میں اہم اہداف کو نشانہ بنایا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نوشکی سیکٹر میں افغان طالبان کی ایک پوسٹ کو پاک فوج نے کامیابی سے نشانہ بنا کر مکمل طور پر ناکارہ کر دیا۔ کارروائی پیشہ ورانہ حکمت عملی کے تحت انجام دی گئی اور اس دوران دشمن کے متعدد ٹھکانوں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔
اس دوران افغان طالبان کے اوماری کیمپ کو بھی بھاری نقصان پہنچایا گیا۔ سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ پاکستانی سکیورٹی فورسز دشمن کے فوجی ٹھکانوں اور تنصیبات کو مسلسل نشانہ بنا رہی ہیں تاکہ مستقبل میں کسی بھی قسم کی جارحیت کو مؤثر طریقے سے روکا جا سکے۔
آپریشن غضب للحق اب بھی جاری ہے اور اپنے طے شدہ اہداف کے مکمل حصول تک جاری رہے گا۔ سکیورٹی حکام کے مطابق سرحدی علاقوں میں نگرانی کا نظام مزید سخت کر دیا گیا ہے اور کسی بھی قسم کی اشتعال انگیزی کا فوری اور فیصلہ کن جواب دیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : رات گئے اچانک بنوں میں ہنگامی صورتحال، کرفیو نافذ
پاک فوج کی مؤثر کارروائیوں کے نتیجے میں افغان طالبان فورسز کو بھاری نقصان کا سامنا ہے اور دشمن کی حرکت و نقل محدود ہو گئی ہے۔
سکیورٹی ذرائع نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج ہر لمحہ چوکس ہیں اور سرحدوں کی حفاظت کے لیے ہر ممکن اقدام جاری رکھیں گی۔





