ضلع خیبر سے دوربابا پر بھرپور گولہ باری، 2 طالبان کمانڈرز سمیت 4 ہلاک

ضلع خیبر: ضلع خیبر کی وادی تیراہ سے پاک فوج نے سرحد پار افغانستان کے علاقے دوربابا میں افغان طالبان کی ایک پوسٹ کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 2 اہم کمانڈرز سمیت 4 افراد ہلاک ہو گئے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی مخصوص اور خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی۔ گولہ باری کا ہدف افغانستان کے علاقے دوربابا میں قائم ایک مرکز تھا، جسے افغان طالبان کی سرگرمیوں کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں دو اہم طالبان کمانڈرز بسم اللہ اور رستم شامل ہیں، جبکہ دو دیگر افراد تنظیم کے رضاکار بتائے جاتے ہیں۔

سکیورٹی حکام کے مطابق کارروائی کے دوران دوربابا میں قائم افغان پوسٹ کو بھی شدید نقصان پہنچا اور وہ مکمل طور پر ناکارہ ہو گئی۔

حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام سرحد پار سے ہونے والی مبینہ اشتعال انگیزی اور سکیورٹی خدشات کے پیش نظر کیا گیا، اور کارروائی کے دوران صرف مخصوص اہداف کو نشانہ بنایا گیا تاکہ غیر متعلقہ نقصان سے بچا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں : سرحدی کشیدگی کے پیشِ نظر خیبر پختونخوا میں اینٹی ڈرون سسٹمز آن، سکیورٹی ہائی الرٹ

واقعے کے بعد سرحدی علاقوں میں کشیدگی میں اضافہ دیکھا گیا ہے، جبکہ سکیورٹی فورسز کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ پاک فوج اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے صورتحال پر قریبی نظر رکھے ہوئے ہیں اور کسی بھی ممکنہ پیش رفت سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔

سکیورٹی ذرائع نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ملکی سرحدوں کے تحفظ اور قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، اور کسی بھی خطرے کا بروقت اور مؤثر جواب دیا جائے گا۔

Scroll to Top