وزیراعظم کے ترجمان برائے غیر ملکی میڈیا مشرف زیدی نے افغان طالبان پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے اپنی سرزمین پر دہشت گرد گروپوں کے لیے محفوظ پناہ گاہیں قائم کر رکھی ہیں، جو پاکستان کے خلاف حملوں میں ملوث ہیں۔
اپنے بیان میں مشرف زیدی نے کہا کہ طالبان قیادت کی جانب سے دہشت گرد گروپوں کی سرپرستی دوحہ معاہدے کی صریح خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان اپنے شہریوں کی حفاظت اور ملک کے دفاع کے لیے بھرپور کارروائی کر رہا ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ افغان طالبان دہشت گرد گروہوں کو کنٹرول کرنے میں ناکام رہے ہیں اور افغان قیادت کو دنیا کے سامنے یہ اعتماد بحال کرنا ہوگا کہ وہ دہشت گردوں کے خلاف ہے۔
مشرف زیدی نے کہا’’افغان طالبان نے اپنی سرزمین پر دہشت گرد گروپوں کو محفوظ پناہ گاہیں فراہم کر رکھی ہیں، اور یہ ناقابل قبول ہے کہ دہشت گرد پاکستان یا دیگر ممالک میں حملے کرنے کے لیے افغانستان کا سہارا لیتے ہیں۔‘‘
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف سخت موقف اختیار کیے ہوئے ہے اور اس سلسلے میں تمام قانونی اور عسکری اقدامات کیے جائیں گے۔





