ایران کے سرکاری میڈیا نے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کر دی

ایران کے سرکاری میڈیا نے تصدیق کی ہے کہ ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای ایک حالیہ حملے میں جاں بحق ہو گئے ہیں۔

ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت ان کے دفتر میں ہوئی۔

ایران میں سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے شہید ہونے کے بعد ملک بھر میں 40 روزہ سوگ کا اعلان کر دیا گیا ہے، سرکاری اعلامیے کے مطابق اس دوران قومی پرچم سرنگوں رہے گا ۔

حکام کے مطابق سوگ کے پیشِ نظر ایران کے تمام سرکاری ادارے، تعلیمی مراکز اور بیشتر سرکاری دفاتر 7 روز کے لیے بند رہیں گے۔

 ایران کے دارالحکومت تہران میں اسرائیلی حملوں کے بعد ایرانی سرکاری میڈیا نے تصدیق کی ہے کہ ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی بیٹی، نواسی، داماد اور بہو شہید ہوگئے ہیں۔

ایرانی ذرائع کے مطابق حملے حساس مقامات کو نشانہ بنا کر کیے گئے تاہم نقصانات کی مکمل تفصیلات فوری طور پر جاری نہیں کی گئیں۔

دوسری جانب ایرانی صدر مسعود پزشکیان کے حوالے سے تاحال کوئی واضح اطلاع سامنے نہیں آئی اور ان کی موجودگی کے بارے میں سرکاری سطح پر خاموشی اختیار کی گئی ہے۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق ایرانی نائب صدر محمد رضا عارف نے عارضی طور پر صدارتی ذمہ داریاں سنبھالنے کا اعلان کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای حملے میں شہید ہو گئے، امریکی صدر ٹرمپ کا دعویٰ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا تھا کہ حملے میں آیت اللہ خامنہ ای ہلاک ہو چکے ہیں اور ان کے ساتھ دیگر ایرانی رہنما بھی مارے گئے ہیں۔

Scroll to Top