وزیراعظم شہباز شریف نے ملک کی موجودہ سکیورٹی صورتحال اور خطے میں تیزی سے بدلتے حالات کے پیشِ نظر ایک اہم اعلیٰ سطح کا اجلاس طلب کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ اجلاس قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کے تناظر میں انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیا جا رہا ہے۔
اطلاعات کے مطابق اجلاس میں اعلیٰ عسکری قیادت، انٹیلی جنس اداروں کے سربراہان اور متعلقہ اعلیٰ حکام شرکت کریں گے۔ اجلاس کے ایجنڈے میں افغانستان اور ایران سمیت خطے کے دیگر ممالک کی موجودہ سکیورٹی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا، جبکہ پاکستان پر ممکنہ اثرات اور داخلی سکیورٹی کے پہلوؤں پر بھی غور کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ موجودہ علاقائی تغیرات کے تناظر میں پاکستان کی خارجہ پالیسی، سفارتی حکمتِ عملی اور قومی سلامتی کے معاملات پر اہم مشاورت متوقع ہے۔ اجلاس میں آئندہ دنوں کے لیے حکومتی موقف اور ممکنہ اقدامات کے حوالے سے واضح گائیڈ لائنز مرتب کیے جانے کا امکان ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کچھ ہی دیر میں اسلام آباد پہنچیں گے، جس کے بعد اجلاس کی باقاعدہ کارروائی شروع ہوگی۔ حکام کے مطابق حکومت خطے کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور قومی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے فیصلے کیے جائیں گے۔





