سلامتی کونسل میں ایرانی مندوب کا اظہار تشکر، پاکستان، چین اور روس کی حمایت کو خراج تحسین

سلامتی کونسل میں ایرانی مندوب کا اظہار تشکر، پاکستان، چین اور روس کی حمایت کو خراج تحسین

ایران پر حملے جنگی جرائم، دفاع کا حق رکھتے ہیں، ایرانی مندوب نے سلامتی کونسل میں موقف پیش کر دیا۔

ایران کے مستقل مندوب سعید ایروانی نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ایران پر امریکی اور اسرائیلی حملے جنگی جرائم کے زمرے میں آتے ہیں اور یہ اقوام متحدہ کے چارٹر کی سنگین خلاف ورزی ہیں۔

ایرانی مندوب نے کہا کہ ایران پر حملوں میں عام شہری بھی ہلاک ہوئے، اور مناب شہر میں 100 سے زائد بچے مارے گئے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بے گناہ افراد کے قتل کے ذمہ دار امریکا اور اسرائیل ہیں۔ ایروانی نے مزید کہا کہ سعودی عرب،چائینہ، روس اور پاکستان کی مذمت اور حمایت کو سراہتے ہیں، اور امریکی و اسرائیلی حملوں کو اعلان جنگ کے مترادف سمجھا جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ ایران کو عالمی قوانین کے تحت اپنا دفاع کرنے کا پورا حق حاصل ہے۔

دوسری جانب، ایرانی پاسداران انقلاب نے اسرائیل اور امریکی اڈوں پر شدید جوابی حملوں کا انتباہ جاری کیا ہے۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اس صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایران پر امریکی و اسرائیلی جارحیت قابل مذمت ہے، اور ایران کا ردعمل پورے خطے میں پھیل رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پر امن حل کے علاوہ کوئی آپشن نہیں، اور تمام فریقین کو مذاکرات کی میز پر آنا چاہیے۔ گوتریس نے ایران کے معاملے میں سفارتکاری کے مواقع ضائع ہونے پر افسوس کا بھی اظہار کیا۔

ایران کے مستقل مندوب نے اجلاس میں پاکستان، چین اور روس کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا، جنہوں نے ایران کے موقف کی حمایت کرتے ہوئے اقوام متحدہ میں ایران کے حق میں ووٹ دیا اور دباؤ کے خلاف مضبوط موقف اختیار کیا، جسے ایران نے سراہا۔

Scroll to Top